مشہور ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے مصنوعی انسان تیار کر کے دنیا کو حیرت میں ڈال دیا

Artificial human
09جنوری2020
(فوٹو : بشکریہ سام سنگ)

ویب ڈیسک: (لاس ویگاس) مشہور ٹیکنالوجی کمپنی سام سنگ نے سالانہ کنزیومر الیکٹرانکس شو میں مصنوعی انسان پیش کر کے دنیا کو حیران کر دیا، یہ مصنوعی انسان ہوبہو حقیقی انسانوں کی طرح بات کرتے ہیں، تاثرات کا اظہار کرتے ہیں اور پوچھے گئے سوال کا سیکنڈوں میں جواب بھی دیتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ان ڈیجیٹل کرداروں کو سام سنگ کی ذیلی کمپنی اسٹار لیب نے بنایا ہے جو بہت جلد چیٹ بوٹ اور ورچول اسسٹنٹ کی جگہ استعمال ہو سکیں گے تاہم اب بھی سام سنگ کا اصرار ہے کہ انہیں مصنوعی انسان یا آرٹیفیشل ہیومن قرار دیا جائے۔

ویڈیو چیٹنگ بوٹس کو سام سنگ نے نیون کا نام دیا ہے اور کرداروں کے ان کی جنس کے لحاظ سے نتاشا اور فرینک جیسے نام بھی رکھے گئے ہیں۔ نیون کردار خبریں پڑھ سکتے ہیں، آپ سے بات کرتے ہیں، ترجمان کا کردار ادا کر سکتے ہیں اور فلمی اداکاروں کی جگہ بھی لے سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ اگر آپ چاہیں تو انہیں اپنی تنہائی کا ساتھی اور دوست بھی بنا سکتے ہیں۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ مصنوعی بتیسی ہر اس شخص کی اہم ضرورت جس کے منہ میں دانت نہیں

تمام ڈیجیٹل انسان مصنوعی ذہانت یا آرٹی فیشل انٹیلی جنس سے کام کرتے ہیں۔ اگر آپ اداس ہوں تو یہ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور کسی بات پر حیران بھی ہو سکتے ہیں۔ ماہرین نے اس اختراع کو جعلی ویڈیوز اور کردار گھڑنے سے تعبیر کرتے ہوئے لوگوں کو خبردار بھی کیا ہے۔ اس ایجاد سے جعلی ویڈیوز اور کرداروں کا ایک ڈھیر بھی لگ سکتا ہے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ پاکستانی خواتین نے امریکہ میں پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا

نیون بنانے میں سب سے اہم کردار ادا کرنے والے پرانوو مستری نے کہا ہے کہ تمام مصنوعی کردار مسلسل سیکھتے ہیں، وہ یادداشت بھی رکھتے ہیں اور خود آپ کو بھی یاد رکھتے ہیں۔ اسی طرح اگر کئی دن بعد آپ ان کے سامنے جائیں تو وہ کہیں گے کہ اتنے دنوں سے آپ کہاں غائب تھے؟ اسی لئے تمام ڈیجیٹل کرداروں کو چیٹ بوٹ کی بجائے ان کے اپنے نام دیئے گئے ہیں جو ان کی شخصیت کو بھی ظاہر کرتے ہیں۔ سارے کردار اصل دکھائی دیتے ہیں اور ایک سیکنڈ سے بھی کم وقفے میں اپنا ردِ عمل ظاہر کرتے ہیں۔ یہ مصنوعی انسان احساسات کے ساتھ ویڈیو گیمز میں بھی داخل کیے جا سکتے ہیں۔

Facebook Comments