بارہ سالہ بچہ دنوں میں کروڑ پتی بن گیا۔ یہ سب کیسے ہوا؟ راز سے پردہ اٹھ گیا

29اگست2021
(فوٹو : بشکریہ ڈیلی مرر)

ویب ڈیسک: (لندن) عام طور پر بارہ سال کے بچے کھیل کود یا تعلیم میں مصروف ہوتے ہیں مگر بنیامین احمد کروڑ پتی بننے میں کامیاب ہو گیا۔

لندن میں مقیم 12 سالہ بنیامین احمد نے اپنے اسکول کی تعطیلات کے دوران 4 لاکھ ڈالرز (6 کروڑ 66 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) کما لیے۔ سی این بی سی کی رپورٹ کے مطابق این ایف ٹیز کے کلیکشن کے ذریعے 12 سالہ بچہ اتنی آمدنی حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔ بنیامین نے 5 سال کی عمر میں اپنے والد عمران احمد ( ویب ڈویلپر) سے متاثر ہونے کے بعد کوڈ کو سیکھنا شروع کیا تھا۔

رواں برس بنیامین نے این ایف ٹیز میں دلچسپی لینا شروع کی اور اپنے آرٹ ورکس کی کلیکشن سیریز کو فروخت کرنا شروع کیا، جس کو اس نے ہزاروں منفرد پکسلیٹڈ وہیلز کی مدد سے تیار کیا تھا۔ این ایف ٹیز ایسے ڈیجیٹل اثاثے ہوتے ہیں جو جے پیگز اور ویڈیو کلپس سمیت آرٹ کی دیگر اقسام کی نمائندگی کرتے یں۔

ان اثاثوں کی آن لائن خرید وفروخت کرپٹو کرنسی نیٹ ورک کے ذریعے ہوتی ہے اور بنیادی طور پر یہ ایک سرٹیفکیٹ ہے جو ڈیجیٹل ملکیت کے لیے مختص ہے۔ ان اثاثوں کی ملکیت کی تفصیلات ایک بلاک چین ڈیجیٹل لیجر میں اسٹور کی جاتی ہیں۔ بنیامین نے پہلی این ایف ٹی کلیکشن رواں موسم گرما کے شروع میں متعارف کرائی تھی جو مائن کرافٹ 40 اوتارز ہر مشتمل تھی۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے: بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے زمین کا خوبصورت نظارہ ملاحظہ کیجئے

اس کلیکشن کو بنیامین نے خود کوڈ اور ڈیزائن کیا تھا مگر وہ اس وقت فروخت نہیں ہو سکی تھی۔ بعد ازاں جون میں اس نے ویئڈ وہیلز نامی کلیکشن پر کام شروع کیا تھا جس میں 3350 پکسلیٹڈ وہیلز مختلف رنگوں اور ٹوپیوں کے ساتھ تھی۔ بنیامین نے اس کلیکشن کے لیے کوڈ کو آن لائن ٹیوٹرلز اور ایک گیمنگ ایپ کے ذریعے سیکھا۔ اس کلیکشن کو جولائی میں متعارف کرایا گیا اور 9 گھنٹے میں ساری فروخت ہو گئی۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے: گیمز کے شوقین افراد کیلئے خوشخبری، ایسی ڈیوائس آ گئی جسے چارج کرنے کی ضرورت نہیں

اس موقع پر بنیامین احمد کو 80 ایتھر (بٹ کوائن جیسی ورچوئل کرنسی) سے زیادہ کی آمدنی ہوئی جو 2 لاکھ 55 ہزار ڈالرز کے برابر تھی۔ بعد ازاں اس نے مزید 30 ایتھر ری سیلز سے کمائے (ہر ری سیل پر بنیامین کو ڈھائی فیصد رائلٹی ملے گی) اور اب تک ساڑھے 3 لاکھ ڈالرز سے زیادہ کما چکا ہے جبکہ اگست کے اختتام تک یہ آمدنی 4 لاکھ ڈالرز سے زیادہ ہو جائے گی۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے: بڑی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں افغانستان میں امریکی اتحادیوں کو بچانے کیلئے سامنے آ گئیں

بنیامین کے ٹوئٹر پر اس وقت 11 ہزار سے زیادہ فالوورز ہیں اور اس نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس کا کوئی بینک اکاؤنٹ نہیں بلکہ ایک کرپٹو کرنسی والٹ ہے۔ اس کا مزید کہنا تھا کہ میں اپنے تمام ایتھر اپنے پاس رکھوں گا اور اسے نقد رقم میں تبدیل نہیں کراؤں گا، یہ ممکنہ طور پر ابتدائی ثبوت ہے کہ مستقبل میں لوگوں کو بینک اکاؤنٹ کی ضرورت نہیں ہو گی بلکہ ایک ایتھر ایڈریس اور ایک والٹ کافی ہو گا۔

بنیامین نے ایک اور این ایف ٹی پراجیکٹ پر بھی کام شروع کر دیا ہے، اس کا کہنا ہے اگر میں اس سلسلے کو جاری رکھتا ہوں تو ہو سکتا ہے کہ میں ایک ٹیکنالوجی کاروباری شخصیت جیسے ایلون مسک اور جیف بیزوز کی طرح بن جاؤں۔

Facebook Comments