وزیر ٹیکنالوجی کی ہدایت پر پاکستانی انجینئرز نے اہم کارنامہ سرانجام دے دیا

Spray Drone
07جولائی2020
(فوٹو : اسکرین گریب)

ویب ڈیسک: (اسلام آباد) نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونی کیشن کارپوریشن (این آر ٹی سی) کے پاکستانی انجینئرز نے کسانوں کی سہولت کیلئے اہم کارنامہ انجام دیتے ہوئے جدید ڈرون تیار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق این آر ٹی سی میں میڈ اِن پاکستان پراڈکٹس کی تیاری کا عمل جاری ہے، جدید پورٹیبل وینٹی لیٹرز کے بعد انجینئرز نے کسانوں کیلئے ہیوی ڈیوٹی اسپرے ڈرون بھی تیار کر لیا۔

اس ڈرون کی مدد سے ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے سہولت کے ساتھ اسپرے کیا جا سکے گا، یہ میڈ اِن پاکستان پراجیکٹ کے تحت تیار کردہ سب سے بڑا اسپرے ڈرون ہے، جس کا ٹیسٹ رن کامیاب رہا۔

این آر ٹی سی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ انتہائی کم قیمت ڈرون جلد مارکیٹ میں دستیاب ہو گا، یہ بھی بتایا گیا ہے کہ انجینئرز کو وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اس ڈرون کی تیاری کا ٹاسک دیا تھا۔

گذشتہ روز وزیر اعظم کو بھی ڈرون سے متعلق بریفنگ دی گئی تھی، یہ ڈرون جی پی ایس ٹیکنالوجی کی مدد سے کام کرے گا۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے میڈ اِن پاکستان وینٹی لیٹرز کی پہلی کھیپ این ڈی ایم اے کے حوالے کی تھی، این آر ٹی سی حکام کا کہنا تھا کہ اب تک 12 وینٹی لیٹرز تیار کیے جا چکے ہیں، ضرورت پڑنے پر ایک مہینے میں 300 وینٹی لیٹرز بنائے جا سکتے ہیں۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ چائنہ میں ڈرونز کے ذریعے روشنیوں کی نمائش نے سماں باندھ دیا

این آر ٹی سی پاکستان کا پہلا اداراہ ہے جو مقامی سطح پر وینٹی لیٹرز بنا رہا ہے، یہ وینٹی لیٹرز آسانی سے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کیے جا سکتے ہیں اور انھیں سیف ایونٹ ایس پی 100 کا نام دیا گیا ہے، اس پیداواری یونٹ میں ہر ماہ ڈھائی سو سے 300 تک وینٹی لیٹرز تیار کرنے کی صلاحیت ہے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ چین کا نیا ڈرون کتنے گھنٹے تک پرواز کر سکتا ہے؟

این آر ٹی سی حکام کے مطابق پاکستان میں وینٹی لیٹرز کی تیاری عالمی معیار کے مطابق ہو رہی ہے، انجینئرنگ کونسل نے وینٹی لیٹر کو عالمی معیار کے مطابق قرار دیا ہے۔

Facebook Comments