ہواوے گوگل کی مقبول ترین میپس اپلیکشن کے مقابلے میں اپنا میپ لانے کے لیے تیار

Huawei Map Kit
17اگست2019
(فوٹو اے ایف پی)

ویب ڈیسک: ہواوے کی جانب سے امریکی پابندیوں کے بعد اینڈرائیڈ کے متبادل آپریٹنگ سسٹم کو متعارف کرایا گیا جو فی الحال اسمارٹ ٹیلیویژن یا ایسی ہی مصنوعات میں استعمال ہوگا۔

مگر اب یہ چینی کمپنی گوگل کی مقبول ترین میپس اپلیکشن کے مقابلے میں اپنا میپ لانے کے لیے تیار کررہی ہے۔ چائنا ڈیلی کی رپورٹ کے مطابق ہواوے ایک میپنگ ٹول کٹ اکتوبر میں جاری کرے گی جو موبائل ایپس اور سروسز کو مقامی میپس سے کنکٹ کرے گی اور یہ گوگل میپس کی جگہ لے گی۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے: ہواوے نے نووا 5، نووا 5 پرو اور نووا 5 آئی موبائل فون متعارف کروا دئیے

اس سروس کو میپ کٹ کا نام دیا گیا ہے جو اکتوبر میں متعارف کرائے جانے کے بعد بھی صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہوگی بلکہ ڈویلپرز اسے مختلف ایپس کے لیے استعمال کرسکیں گے۔ ہواوے کنزیومر بزنس گروپ کے کلاﺅڈ سروسز کے صدر زینگ پنگان کے مطابق میپ کٹ 40 زبانوں میں دستیاب ہوگی جس میں رئیل ٹائم ٹریفک کی صورتحال، نیوی گیشن سسٹم اور اگیومینٹڈ رئیلٹی میپنگ سپورٹ دی جائے گی۔

اس میپ سروس کے لیے ہواوے کے ساتھ امریکی ٹریول ویب سائٹ بکنگ ہولڈنگز اور روسی انٹرنیٹ کمپنی یاندیکس نے شراکت داری کی ہے۔ یہ میپ ٹول کٹ گوگل سروسز تک رسائی میں محرومی سے ہواوے کے ہارمونی آپریٹنگ سسٹم میں لوکیشن والی ایپس کے لیے کارآمد ثابت ہوگی۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے: امریکا میں ہواوے پر پابندی کیلئے مزید وقت دیا جائے! وائٹ ہاؤس حکام

اگر امریکا کی جانب سے ہواوے کو گوگل مصنوعات کے استعمال سے مکمل طور پر روک دی گیا تو یہ میپ کٹ ہارمونی او ایس کی ان تھرڈ پارٹی ایپس کے لیے میپنگ ڈیٹا کا متبادل ثابت ہوگی جو ابھی گوگل میپس ڈیٹا پر انحصار کرتی ہیں۔ زینگ پنگان کے مطابق اس وقت 50 فیصد موبائل ایپس میں کسی حد تک میپ یا لوکیشن پر انحصار کیا جاتا ہے۔

Facebook Comments