ٹوئٹر خریدنے کے بعد ایلون مسک نے ایک اور بڑا اعلان کردیا

Elon musk
01مئی2022
( فوٹو: انٹرنیٹ )

ویب ڈیسک: ( نیو یارک ) ایلون مسک نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹوئٹر کو 44ارب ڈالر میں خریدنے کا معاہدہ کرنے کے بعد ٹویٹس کو ’منی ٹائز‘ کرنے کے حوالے سے اہم بات کہہ دی ہے۔

عرب نیوز کے مطابق جو بینک ایلون مسک کے اس معاہدے کے لیے فنڈز مہیا کریں گے، انہیں ایلون مسک نے بتایا ہے کہ وہ ٹوئٹر کے ایگزیکٹوز اور بورڈ ممبران کی تنخواہوں میں کٹوتی کرکے اخراجات کم کریں گے اور ٹویٹس کو ’منی ٹائز‘کے نئے طریقے بھی متعارف کرائیں گے۔

معاملے سے آگاہ تین لوگوں نے عالمی خبر رساں ایجنسی روئٹرز کو بتایا ہے کہ ”ایلون مسک نے قرض دہندگان کو راضی کرنے کے لیے یہ پِچ تیار کی ہے تاکہ اپنے اس بڑے منصوبے کے لیے فنڈز حاصل کر سکیں۔“ بینکوں کواتنی خطیر رقم قرض دینے پر رضامند کرنے کے لیے لازمی تھا کہ ایلون مسک انہیں باور کراتے کہ ٹوئٹر سے خاطرخواہ آمدنی ہو سکتی ہے۔ ان کی اس کوشش کے نتیجے میں بینک انہیں 13ارب ڈالر قرض دینے پر رضامند ہو گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ساڑھے 12ارب ڈالرکا قرض ان کی الیکٹرک کار ساز کمپنی ٹیسلا کے سٹاک پر حاصل کیا گیا ہے جبکہ باقی رقم وہ ذاتی کیش سے ادا کریں گے۔

Facebook Comments