سماعت سے محروم افراد کیلئے گوگل کی عمدہ پیشکش

14مئی2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (سان فرانسسكو) اگرچہ بہت سے ایسے اسسٹنٹ منظرِ عام پر آچکے ہیں جو ویڈیوز میں بولے جانے والے الفاظ کو کیپشن کی صورت میں لائیو ظاہر کرتے ہیں لیکن گوگل آئی 2019ء ان سب پر سبقت لے گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لائیو کیپشن نامی اس فیچر کے تحت سماعت سے محروم یا اونچا سننے والے افراد بولے جانے والے الفاظ کو اسکرین پر دیکھ سکتے ہیں ۔ یہ فیچر فوری طور پر الفاظ پکڑتا ہے خواہ وہ ویڈیو کال میں بولے جا رہے ہوں یا پھر کسی فلم میں کہے جا رہے ہوں۔ یہاں تک انسٹاگرام اسٹوری کو بھی حقیقی وقت میں ہی دیکھا جا سکتا ہے۔ جب اس کا ڈیمو سافٹ ویئر لوگوں کو دکھایا گیا تو سماعت سے محروم افراد نے یوٹیوب، پوڈ کاسٹ اور گوگل ڈو او پر لائیو ویڈیو کال کے کیپشن بھی پڑھے۔

اچھی بات یہ ہے کہ اسے چلانے کیلئے انٹرنیٹ کی ضرورت نہیں رہتی اور صرف 80 ایم بی کی جگہ گھیرنے کے بعد سافٹ ویئر اپنا کام کرتا رہتا ہے۔ انسٹالیشن کے بعد آواز کے مینو کے پاس ایک بٹن سے لائیو کیپشن آن ہوجاتا ہے۔

اگرچہ یہ ایک اچھی کاوش ہے لیکن یہ سہولت بالکل مفت میں دستیاب نہیں ہو گی اور طاقتور پروسیسر والا اینڈروئڈ فون درکار ہو گا۔ گوگل سے وابستہ ماہر اور ترجمان برائن کیملر نے کہا ہے کہ اس سال کے آخر تک لائیو کیپشن کو پیش کیا جائے گا، لیکن گوگل نے کہا ہے کہ اس کیلئے اچھے معیار کے اینڈروئڈ فون درکار ہوں گے جن میں اسٹوریج اور میموری زیادہ پائی جاتی ہو۔

Facebook Comments