سام سنگ گلیکسی نوٹ 10 میں کونسے فیچر ہوں گے! تفصیلات جانیئے

02اگست2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (سیئول) سام سنگ کا نیا فلیگ شپ فون گلیکسی نوٹ 10 آئندہ ہفتے پیش کیا جا رہا ہے لیکن اس کے بارے میں تفصیلات مختلف لیکس کی شکل میں تاحال سامنے آ رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ٹوئٹر صارف ایشان اگروال نے گلیکسی نوٹ 10 سیریز (سام سنگ پہلی بار نوٹ سیریز کے فونز 2 ماڈلز میں متعارف کرا سکتی ہے) کے بارے میں مختلف تفصیلات لیک کی ہیں، جن کے مطابق اس میں سپر فاسٹ وائرلیس اور وائر چارجنگ دی جا رہی ہے جبکہ 12 میگا پکسل کے مین کیمرے میں ایف 1.5 آپرچر موجود ہوگا۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ سام سنگ گلیکسی اے-30 اور اے-50 پاکستان میں فروخت کیلئے پیش کر دیئے گئے

ان لیکس کے مطابق گلیکسی نوٹ 10 اسینڈرڈ میں کیو ایچ ڈی ڈسپلے کی بجائے فل ایچ ڈی پلس ریزولوشن دیا جائے گا اور یہ 2013ء کے گلیکسی نوٹ 3 کے بعد پہلی بار ہوگا جب اس سیریز کے کسی فون میں فل ایچ ڈی ڈسپلے دیا جا رہا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ گلیکسی نوٹ 10 پلس میں کیو ایچ ڈی ڈسپلے دیا جا سکتا ہے تاکہ دونوں ورژن ایک دوسرے سے مختلف ہوں۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ سام سنگ گلیکسی ایس 10 پلس کی قیمت سن کر آپ کے ہوش اُڑ جائیں گے

ایک اور لیک کے مطابق گلیکسی نوٹ 10 آئی پی 69 واٹر اینڈ ڈسٹ ریزیزٹنس ریٹنگ کا حامل ہوگا یعنی پانی کے خلاف زیادہ مزاحمت کرنے کی طاقت رکھتا ہو گا۔ نوٹ سیریز کے ان دونوں فونز میں بیسک اسٹوریج 256 جی بی سے شروع ہوگی جو کہ گلیکسی ایس 10 سے ڈبل ہے، جس کی وجہ نوٹ 10 میں ممکنہ طور پر مائیکرو ایس ڈی سپورٹ نہ دیئے جانے کا امکان ہے، جبکہ ہیڈفون جیک کو بھی ختم کیا جا سکتا ہے۔

یہ سام سنگ کا پہلا فون ہوگا جس میں اوپری اور نچلے بیزل کو لگ بھگ ختم کر دیا گیا ہے جبکہ پنچ ہول کیمرا سائیڈ کی بجائے اسکرین کے اوپر سینٹر میں دیا جائے گا۔

مختلف افواہوں کے مطابق گلیکسی نوٹ 10 کا ایک ماڈل 6.75 انچ اسکرین کے ساتھ ہوگا جبکہ دوسرے ورژن میں 6.3 انچ ڈسپلے دیا جائے گا۔ ایسا بھی کہا جارہا ہے کہ گلیکسی نوٹ پلس میں سپر امولیڈ ڈسپلے کے ساتھ ایکسینوس 9828 پراسیسر یا اسنیپ ڈراگون 855 پراسیسر دیا جائے گا۔

اس فون میں اینڈرائیڈ پائی آپریٹنگ سسٹم ہوگا مگر اسے بعد میں اینڈرائیڈ کیو سے اپ ڈیٹ کر دیا جائے گا۔ پہلی بار گلیکسی نوٹ 10 میں بیک پر تین کیمروں کا سیٹ اپ دیا جا رہا ہے جبکہ فلیش کو اس کے برابر میں منتقل کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح گلیکسی نوٹ 10 پلس میں بیک پر تین کی بجائے 4 کیمرے ہوں گے لیکن ایک کیمرا تھری ڈی ٹائم آف لائٹ سنسر سے لیس ہوگا۔

ایک رپورٹ کے مطابق گلیکسی نوٹ 10 کی قیمت یورپ میں 999 یورو (ایک لاکھ 77 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی۔ دوسری جانب گلیکسی نوٹ 10 پلس کی قیمت 1159 یورو (2 لاکھ 6 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) سے شروع ہوگی۔

یاد رہے کہ یہ فون 7 اگست کو نیویارک میں ایک ایونٹ کے دوران متعارف کرایا جائے گا۔

Facebook Comments