شاہد آفریدی کا شادی کی 20 ویں سالگرہ پر اہلیہ کے نام خوبصورت پیغام

Shahid Afridi
21اکتوبر2020
فوٹو: شاہد آفریدی ٹوئٹر

ویب ڈیسک: (کراچی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور مایہ ناز آل راؤنڈر شاہد آفریدی نے شادی کی 20 ویں سالگرہ کے موقع پر اہلیہ کے ہمراہ سوشل میڈیا پر تصویر شیئر کر کے انہیں خصوصی پیغام دیا۔

شاہد آفریدی نے 21 اکتوبر کو اپنی ٹوئٹ میں اہلیہ کے ہمراہ 2 تصاویر شیئر کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ آج بھی وہ اپنی شادی کی سالگرہ بھول چکے تھے مگر ان کی اس غلطی کو ان کی اہلیہ نے معاف کر دیا۔ سابق کپتان نے زندگی کے 20 سال ساتھ گزارنے اور ساتھ دینے پر اہلیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اس بات پر بہت خوش ہیں کہ وہ دونوں بچوں کے والدین بنے۔

شاہد آفریدی نے اہلیہ کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ باتوں کو بھولنے پر معاف کرنا ان کی اہلیہ کی بہترین خصوصیات میں سے ایک خصوصیت ہے۔ انہوں نے اہلیہ کو مینشن کرتے ہوئے انہیں شادی کی سالگرہ کی مبارک باد بھی پیش کی۔

ساتھ ہی ان کی اہلیہ نادیہ شاہد نے بھی شادی کی سالگرہ کے موقع پر ٹوئٹ کی اور اپنے شوہر کی ٹوئٹ کو شیئر بھی کیا۔ شاہد آفریدی کی اہلیہ نے ٹوئٹ میں لکھا کہ انہیں ہر بار اور وقت گزرنے کے بعد شاہد آفریدی کو باتیں اور چیزیں یاد دلانی پڑتی ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ وہ اس بات پر خود کو بہت خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ انہیں شاہد آفریدی جیسا پیار کرنے والا شخص شوہر، دوست اور ہمراز کے طور پر ملا۔

شاہد آفریدی نے نادیہ شاہد سے 21 اکتوبر 2000 میں شادی کی تھی اور اس وقت شاہد آفریدی کرکٹ کی دنیا کا مقبول نام تھے۔ شاہد اور نادیہ آفریدی کی 5 بیٹیاں ہیں، ان کے ہاں رواں برس فروری میں ہی پانچویں بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔ ان کی پہلے بھی چار بیٹیاں اقصیٰ، عنشہ، اجوا اور اسمارہ تھیں جن میں سے 2 بیٹیوں کی عمر 15 سال سے زائد ہے۔

Facebook Comments