سری لنکا نے پاکستان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا! پی سی بی کی دیرینہ خواہش پوری نہ ہو سکی

Sri Lanka pours water on Pakistan's hopes!
22اگست2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (کولمبو) سری لنکن کرکٹ بورڈ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی دعوت پر پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیلنے کی پیشکش مسترد کر دی، تاہم پاکستان میں ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

تفصیلات کچھ اس طرح ہیں کہ پاکستان میں عالمی کرکٹ کی بحالی کی کوشش کے طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کو رواں سال شیڈول سیریز کا ایک ٹیسٹ میچ پاکستان میں کھیلنے کی پیشکش کی تھی۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان شیڈول سیریز ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے، جس کے میچز نیوٹرل مقام پر شیڈول ہیں، البتہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کو ان میں سے ایک میچ پاکستان میں کھیلنے کی پیشکش کی تھی۔

اس سلسلے میں سری لنکا نے مثبت جواب دیتے ہوئے پاکستان میں صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے اپنی سیکیورٹی ٹیم کو بھیجا تھا جس نے کراچی اور لاہور کا دورہ کیا تھا۔ سری لنکن کرکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایشلے ڈی سلوا نے سیکیورٹی رپورٹ کو انتہائی مثبت قرار دیا تھا، جس سے پاکستان میں 10 سال بعد ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی کے امکانات روشن ہو گئے تھے۔ تاہم سری لنکن میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ سری لنکا کی کرکٹ ٹیم پاکستان میں ٹیسٹ سیریز نہیں کھیلے گی اور اس بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے ابھی تک دونوں بورڈز کی جانب سے باضابطہ بیان جاری نہیں کیا گیا لیکن جلد اس حوالے سے اعلان متوقع ہے۔

اطلاعات یہ بھی ہیں کہ سری لنکا ٹیسٹ میچ کی جگہ پاکستان میں ون ڈے میچز کھیلنے میں زیادہ دلچسپی رکھتا ہے، اور انہوں نے پاکستان میں 3 ون ڈے میچز کھیلنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے، جس کے بارے میں پی سی بی کو جلد آگاہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ مارچ 2009ء میں سری لنکن ٹیم پر لاہور میں دہشت گردوں کی جانب سے کئے گئے حملے کے بعد سے پاکستان پر انٹرنیشنل کرکٹ کے دروازے بند ہو گئے تھے، اور اس کے بعد سے قومی ٹیم ایک بھی ٹیسٹ میچ اپنی سرزمین پر نہیں کھیلی۔

Facebook Comments