ساؤتھمپٹن ٹیسٹ! پاکستان کا مایوس کن آغاز

James Anderson
13اگست2020
(فوٹو : گیٹی امیجز)

ویب ڈیسک: (ساؤتھمپٹن) انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز پاکستان کی بیٹنگ لائن پھر دھوکہ دے گئی، پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 126 رنز بنا لیے۔

تفصیلات کے مطابق دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کا انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ درست ثابت نہ ہو سکا اور پہلے دن کھیل کے اختتام پر آدھی ٹیم 126 رنز پر پویلین لوٹ گئی، بابر اعظم 25 اور محمد رضوان 4 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

پاکستان کی پہلی وکٹ 6 رنز پر گری جب شان مسعود ایک رن بنا کر جیمز اینڈرسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔ کپتان اظہر علی پہلے ٹیسٹ کی طرح دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی ناکام ہوئے اور 85 گیندوں پر 20 رنز بنا کر چلتے بنے، 11 سال بعد ٹیسٹ میں واپسی کرنے والے فواد عالم بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

اوپنر عابد علی نے 60 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی انہیں کرن نے برنس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا، اسد شفیق 5 رنز بنا کر براڈ کی گیند پر سبلی کو کیچ دے بیٹھے۔

انگلینڈ کی جانب سے جیمز اینڈرسن نے دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، اسٹیورٹ براڈ، کرن اور کرس ووکس نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹاس کے بعد مختصر گفتگو میں کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ موسم گرم ہے، فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے، پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، شاداب کی جگہ فواد کو شامل کیا گیا ہے، پہلے ٹیسٹ میں جیت کے قریب آکر ہارنے پر افسوس ہے، ہمیں لگتا ہے میچ میں ایک اسپنر بہت ہے۔

اس موقع پر انگلینڈ ٹیم کے کپتان جو روٹ نے کہا کہ انگلش ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئی ہیں، زیک کرولی اور سیم کرن کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے، میچ کی حکمت عملی کو مدنظر رکھتے ہوئے جوفرا آرچر اور بین اسٹوکس کو ٹیم میں نہیں رکھا گیا۔

واضح رہے کہ انگلینڈ کو پاکستان کے خلاف 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہے۔

Facebook Comments