جنوبی افریقہ کے مایہ ناز بلے باز ہاشم آملہ نے انٹرنیشنل کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا

08اگست2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (کیپ ٹاؤن) جنوبی افریقا کے مایہ ناز بلے باز ہاشم آملہ نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کچھ یوں ہیں کہ جنوبی افریقی بلے باز ہاشم آملہ نے آج کرکٹ کی دنیا کو خیرباد کہہ دیا ہے۔

اپنے کریئر میں 124 ٹیسٹ، 181 ون ڈے اور 44 ٹی ٹونٹی میچز کھیلنے والے ہاشم آملہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ’’میں اللہ کا بہت شکر گزار ہوں کہ جس نے سفر کو کامیاب بنایا، تمام ساتھیوں اور بورڈ کا بھی انتہائی مشکور ہوں جنہوں نے تعاون کیا اور ساتھ میں اصلاح بھی کی‘‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم نے ایک دوسرے کے ساتھ محبتیں اور بھائی چارگی کا رشتہ رکھا اس لئے دنیا ہمیں پروٹیز کہتی ہے، میں اپنے والدین کی دعاؤں، محبت اور اسپورٹ سے یہاں تک پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ اب مجھے یہ محسوس ہوتا ہے کہ میں ویسا کھیل پیش نہیں کر پا رہا جیسا کرنا چاہیئے، لہٰذا خود کو کرکٹ کے تمام فارمیٹ سے علیحدہ کرتے ہوئے ریٹائرمنٹ لے رہا ہوں، اس سفر میں جن لوگوں نے تعاون کیا اُن کا تہہِ دل سے مشکور اور نیاز مند رہوں گا۔

ہاشم آملہ نے مداحوں کا بھی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جب ہم کمزور پڑتے تھے تو مداحوں کا جذبہ اور اُن کی محبت کے ذریعے ہی کم بیک ممکن ہوتا تھا۔

یاد رہے کہ ہاشم آملہ نے 15 سال تک جنوبی افریقا کی نمائندگی کی، اس دوران انہوں نے تینوں فارمیٹ میں 349 میچز کھیلے اور 55 سنچریوں کے ساتھ 18 ہزار سے زائد رنز اسکور کئے۔

Facebook Comments