نیوزی لینڈ نے بھارت کو شکست دے کر پہلی ٹیسٹ چیمپئن شپ اپنے نام کر لی

Kane Williamson
23جون2021
(فوٹو : کرک انفو)

ویب ڈیسک: (ساؤتھمپٹن) ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے مقابلے میں نیوزی لینڈ نے بھارت کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر تاریخ ساز فتح اپنے نام کر لی۔

تفصیلات کچھ اس طرح ہیں کہ ساؤتھمپٹن میں کھیلے جانے والے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میچ میں نیوزی لینڈ نے بھارت کی جانب سے دیا جانے والا 139 رنز کا ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ کین ولیم سن نے 52 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، روس ٹیلر 47 رنز بنا کر نمایاں رہے، دوسری اننگز میں ٹام لیتھم 9 رنز بنا سکے جبکہ دیون کانوے 19 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔

بھارت کی جانب سے روی چندر ایشون نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ بھارتی ٹیم دوسری اننگز میں 170 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی اور کیوی ٹیم کو جیت کیلئے 139 رنز کا ہدف دیا تھا۔

کیوی فاسٹ بولر ٹم ساؤتھی نے چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، ٹرینٹ بولٹ نے دو اور کائل جیمی سن نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

رشبھ پانت 41 اور روہت شرما 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، کپتان ویرات کوہلی 13 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ شبھمن گل 8 رنز بنا سکے، چیتیسور پجارا نے 15 رنز بنائے، اجنکیا رہانے 15، رویندرا جڈیجا 16 اور ایشون 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ محمد شامی 13 اور جسپریت بمرا بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

اس سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی پہلی اننگزمیں 249 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی، ڈیون کانوے 54 اور کپتان ولیم سن 49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے تھے۔

بھارتی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 217 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی، ویرات کوہلی نے 44 رنز بنائے تھے، کائل جیمی سن نے 5 وکٹیں حاصل کیں۔

Facebook Comments