مصباح الحق پی سی بی کے اہم عہدے کی دوڑ سے باہر

21اگست2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (لاہور) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق قومی ٹیم کے چیف سلیکٹر بننے کی دوڑ سے باہر ہو گئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اس وقت پاکستان کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا پری سیزن کیمپ لاہور میں شروع ہو چکا ہے، جس کیلئے کرکٹ بورڈ نے مصباح الحق کو کیمپ کمانڈنٹ مقرر کیا ہے۔ یاد رہے سابق ٹیسٹ کپتان مصباح الحق ، مینجنگ ڈائریکٹر وسیم خان کی سربراہی میں کام کرنے والی ’کرکٹ کمیٹی‘ کے بھی رکن ہیں۔

مصباح الحق کے حوالے سے اطلاعات گردش میں تھیں کہ کرکٹ بورڈ بیک وقت انہیں کوچ اور چیف سلیکٹر بنانے کا خواہش مند ہے۔ اس بات کو اس وقت مزید تقویت ملی، جب کرکٹ بورڈ نے کسی بڑے فیصلے سے قبل مصباح الحق کو کیمپ کیلئے کمانڈنٹ مقرر کر دیا۔

تاہم اب اطلاعات یہ ہیں کہ مصباح الحق ہیڈ کوچ بننے کے مضبوط اُمیدوار ہیں اور ساتھ ہی انہیں مینٹور بھی بنایا جا رہا ہے۔ اس کے برعکس مصباح الحق کو چیف سلیکٹر بنانے کی تجویز رد کر دی گئی ہے، البتہ پی سی بی نے آئندہ ڈومیسٹک سیزن کیلئے 6 صوبائی ٹیموں کے انتخاب کیلئے جس تین رکنی پینل کو تشکیل دیا ہے، اس میں مصباح الحق کو سابق ٹیسٹ کرکٹر راشد لطیف اور سابق ٹیسٹ اسپنر ندیم خان کے ساتھ شامل کیا گیا ہے۔

Facebook Comments