کرکٹر شرجیل خان کے بارے میں عدالت نے بڑا حکم سنا دیا

Sharjeel Khan
12نومبر2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (کراچی) لاہور ہائی کورٹ نے کرکٹر شرجیل خان کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے وزارت داخلہ کو 7 روز میں ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کا حکم دے دیا۔

صوبائی دارالحکومت کی عدالت عالیہ میں جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے کرکٹ شرجیل خان کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ شرجیل خان کو میچ فکسنگ میں سیاسی بنیادوں پر سزا دلوائی گئی۔

ڈان نیوز کے مطابق انہوں نے بتایا کہ ان کے موکل کا اسپاٹ فکسنگ اور میچ فکسنگ سے کوئی تعلق نہیں، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانگی کے وقت شرجیل خان کو کراچی ایئرپورٹ پر روک لیا گیا۔ وکیل نے موقف اپنایا کہ عدالت اسپاٹ فکسنگ میں ملوث کرکٹر محمد عرفان اور شاہ زیب حسن کو پہلے ہی بیرون ملک جانے کی اجازت دے چکی ہے، لہٰذا عدالت درخواست گزار کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے۔

بعد ازاں عدالت نے شرجیل خان کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے دیا۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے: ایف بی آر نے اثاثے چھپانے پر کرکٹر محمد حفیظ کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ عدالت عالیہ میں دائر کی گئی درخواست میں شرجیل خان نے پاکستان کرکٹر بورڈ (پی سی بی)، وزارت داخلہ اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو فریق بنایا تھا اور موقف اختیار کیا تھا کہ وہ بین الاقوامی کرکٹر ہیں جبکہ وزارت داخلہ نے غیر قانونی طور پر ان کا نام ای سی ایل میں شامل کر رکھا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ای سی ایل میں نام شامل ہونے کی وجہ سے وہ عمرہ کرنے نہیں جاسکے اور دبئی میں بھائی سے ملاقات بھی نہیں کرسکے۔ خیال رہے کہ مارچ 2017 میں سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے اسپاٹ فکسنگ میں ملوث تمام کرکٹرز کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالنے کی منظوری دی تھی۔

Facebook Comments