چیئرمین پی سی بی کا سری لنکن کرکٹ بورڈ سے رابطہ! پاکستان میں ٹیسٹ سیریز نہ کھیلنے پر تشویش کا اظہار

23اگست2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (لاہور) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے سری لنکن کرکٹ حکام سے رابطہ کر کے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز نہ کھیلنے کے فیصلے پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی چیئرمین احسان مانی کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیم کو صدارتی لیول کی سیکیورٹی دینےکی یقین دہانی کے باوجود انکار سمجھ سے بالاتر ہے، پی سی بی رواں ماہ کے آخر میں ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں اس معاملہ کو اٹھائے گا۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکا کے وزیرِ کھیل نے پاکستان میں ٹیسٹ سیریز نہ کھیلنے کا اعلان کیا ہے، بورڈز کے درمیان بات چیت کے سلسلے کے دوران سری لنکن وزیرِ کھیل کا بیان حیران کن تھا۔ جبکہ یہ بھی درست ہے کہ سری لنکن بورڈ نے سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا، سیریز کے 2 شیڈولز پر بات چیت کا سلسلہ جاری تھا، سیریز کا میزبان پاکستان ہے تو اعلان سری لنکا کیسے کرسکتا ہے؟

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ محسن حسن خان کو چیئرمین کرکٹ بورڈ احسان مانی کی سخت وارننگ

واضح رہے کہ پی سی بی کی جانب سے باضابطہ لائحہ عمل کا اعلان اگلے ہفتے متوقع ہے۔

یاد رہے کہ سری لنکا کے وزیرِ کھیل نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم رواں سال کے آخر میں ٹیسٹ سیریز کے بجائے مختصر دورانیے کے تین میچز کھیلنے کیلئے پاکستان کا دورہ کرے گی۔

Facebook Comments