باکسر محمد وسیم پاک فوج کے مشکور! وجہ انتہائی اہم

17ستمبر2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (کراچی) دبئی میں فلپائنی باکسر کو ناک آؤٹ کر کے پروفیشنل باؤٹ جیتنے والے پاکستانی باکسر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ جب بھی جیتا پاک فوج نے میری بہت حوصلہ افزائی کی۔

تفصیلات کے مطابق باکسر محمد وسیم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھیں پاکستان کی نمائندگی کرنے پر بہت خوشی ہے، پہلے بھی پاکستان کی نمائندگی کرتے رہے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ 15 سال سے پاکستان کا نام دنیا میں روشن کر رہا ہوں لیکن جب بھی بیرونِ ملک سے جیت کر آیا صرف پاک فوج نے حوصلہ افزائی کی، اس بار شاہد آفریدی، وسیم اکرم اور جہانگیر خان نے بھی فون کر کے مبارک باد دی۔

محمد وسیم نے کہا کہ آئندہ پاکستان کیلئے ورلڈ ٹائٹل کھیلنے جا رہا ہوں، پاکستان کی تاریخ میں کسی نے ورلڈ ٹائٹل نہیں کھیلا، اکتوبر میں میری دوبارہ فائٹ ہونے جا رہی ہے، ٹاپ فائیو میں آ گیا ہوں فائٹ جیت کر ورلڈ ٹائٹل جیتنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سے درخواست ہے میری آئندہ ہونے والی فائٹ کو اسپورٹ کرے، ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے، بس حکومتی اسپورٹ کی ضرورت ہے۔

خیال رہے کہ تین دن قبل محمد وسیم نے دبئی میں منعقدہ پروفیشنل باؤٹ جیتی ہے، انھوں نے فلپائن کے باکسر کونراڈو تنومور کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر دیا تھا، یہ پروفیشنل باکسنگ کریئر کا 9 واں مقابلہ تھا جو انھوں نے جیتا۔

دوسری جانب جب باکسر محمد وسیم پاکستان واپس پہنچے تو ایئر پورٹ پر حکومتی عہدے داروں اور باکسنگ فیڈریشن کی جانب سے کسی قسم کا کوئی استقبال نہیں کیا گیا۔

Facebook Comments