علیم ڈار نے بیروزگار افراد کیلئے اہم اعلان کر دیا

Aleem Dar has made a significant announcement for the unemployed
26مارچ2020
(فوٹو گلف نیوز)

ویب ڈیسک: (لاہور) عالمی شہرت یافتہ پاکستانی امپائر علیم ڈار نے کورونا وائرس کے سبب بیروزگار ہونے والے افراد کو اپنے ریسٹورنٹ میں مفت کھانے کی پیشکش کی ہے۔

دنیا بھر میں تباہی مچانے والے کورونا وائرس سے اب تک 180 سے زائد ملک متاثر ہو چکے ہیں اور اب تک وائرس سے دنیا بھر میں تقریباً 23ہزار افراد موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔ وائرس کے پھیلاؤ کو دیکھتے ہوئے دنیا بھر کے کھلاڑیوں، اداکاروں سمیت متعدد مشہور شخصیات نے عطیات دینے کا اعلان کیا ہے اور ریکارڈ ساز امپائر علیم دار بھی اس کار خیر میں آگے آگے ہیں۔

مشہور انٹرنیشنل امپائر نے بڑھتے ہوئے کیسز کے سبب اپنے ریسٹورنٹ میں بیروزگاروں کو مفت کھانا کھلانے کا اعلان کیا ہے۔ ایک خصوصی ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس پوری دنیا میں پھیل چکا ہے اور اس کے اثرات پاکستان میں بھی آ چکے ہیں اور میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو اس آفت سے محفوط رکھے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے: شعیب اختر نے بھی وزیر اعظم پاکستان سے لاک ڈاؤن کرنے کا مطالبہ کر دیا

ان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اور صوبائی حکومتیں اس سلسلے میں ہدایات جاری کر چکی ہیں اور جب تک ہم لوگوں کی سپورٹ اس میں شامل نہیں ہو گی اس وقت ہم حکومتیں اس میں کامیاب نہیں ہو سکتیں۔ لگاتار تین مرتبہ سال کے بہترین امپائر کا ایوارڈ جیتنے والے علیم ڈار نے عوام سے درخواست کی کہ وہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے بحران کی وجہ سے کئی لوگ بے روزگار ہوئے ہیں اور بے روزگار افراد کے لیے میری طرف سے پیشکش ہے کہ وہ پی آئی اے روڈ پر واقع میرے ریسٹورنٹ ‘ڈار ڈلیٹو’ میں آ کر وہاں مفت کھانا کھا سکتے ہیں۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے: کراچی تا خیبر 20 لاکھ خاندانوں میں راشن تقسیم کیا جائے گا، سربراہ سیلانی ویلفیئر

انہوں نے اپنے خصوصی ویڈیو پیغام کے اختتام پر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مسلمانوں سمیت پوری دنیا کو اس وائرس سے محفوظ رکھے۔

Facebook Comments