حکومتِ پاکستان نے آئی پی ایل نشریات سے متعلق بڑا فیصلہ کر لیا

IPL
21مارچ2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (اسلام آباد) بھارتی کرکٹ لیگ آئی پی ایل کو بڑا مالیاتی نقصان ہونے والا ہے، حکومتِ پاکستان نے پاکستان میں آئی پی ایل کی نشریات پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

نجی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق وفاق نے آئی پی ایل میچز پاکستان میں دکھانے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کرلیا، ذرائع کے مطابق آئی پی ایل میچز پاکستان میں نشر کرنے کی پابندی کی سمری کابینہ کو ارسال کردی گئی ہے،وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے سمری پر دستخط کردئیے ہیں، متن کے مطابق پیمرا یقینی بنائے گا کہ آئی پی ایل میچز پاکستان میں نشر نہ ہوں۔

سمری میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے اپنے ملک میں پی ایس ایل میچز دکھانے پر پابندی لگائی تھی، وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد فیصلے پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا، فواد چوہدری نے کہا کہ آئی پی ایل پر پابندی کی سمری وفاقی کابینہ کو بھیج دی ہے، بھارتی رویے پر آئی پی ایل کی نشریات پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے، ہم نے بہت کوشش کی کہ کھیل کو سیاست سے الگ رکھا جائے، آئی پی ایل کو پاکستان میں نہ دکھانے سے بھارت کو نقصان ہوگا۔

یاد رہے کہ انڈین پریمیئر لیگ کے پہلے سیزن میں پاکستانی کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا تھا اس کے بعد بھارتی حکومت کی جانب سے آئی پی ایل میں پاکستانی کھلاڑیوں کی شمولیت پر پابندی عائد کردی گئی تھی، آئی پی ایل کا باقاعدہ آغاز 23 مارچ سے ہورہا ہے پہلے میچ میں مہندر سنگھ دھونی کی ٹیم چنائی سپر کنگز اور ویرات کوہلی کی ٹیم رائل چیلنجز بنگلور مدمقابل آئیں گی۔

یہ بھی یاد رہے کہ پاکستان سپر لیگ کی شہرت سے پریشان بھارت نے اوچھے ہتھکنڈے اپناتے ہوئے اپنے ملک میں پی ایس ایل میچز دکھانے پر پابندی عائد کی تھی جس پر حکومت کی جانب سے جوابی وار کیا گیا ہے۔

Facebook Comments