بھارت کے خلاف اہم میچ سے قبل کھلاڑی کیا کرتے رہے؟ چونکا دینے والے حقائق سامنے آ گئے

What Did The Players Do Before The Main Match Against India
17جون2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (مانچسٹر) آئی سی سی ورلڈ کپ 2019ء کے سب سے بڑے میچ سے قبل مانچسٹر میں قومی کرکٹرز کے سیر سپاٹوں کا انکشاف ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ویڈیو بنتے دیکھ کر کھلاڑیوں نے کیمروں سے بچنے کی کوشش کی جبکہ فخر زمان نے ساتھی کھلاڑیوں کو وہاں سے نکلنے کی ہدایت کی۔ قومی باؤلرز حسن علی اور محمد حسنین کیمروں سے بچنے کیلئے دور چلے گئے۔ اس موقع پر کھلاڑیوں کے ہمراہ سکیورٹی یا انٹی کرپشن اہلکار بھی نہیں تھے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ میں اکیلا گھر نہیں جاؤں گا! سرفراز احمد کھلاڑیوں پر برس پڑے

اطلاعات ہیں کہ بڑے میچ سے ایک دن قبل کھلاڑی مانچسٹر میں موج مستی کرتے رہے، ہوٹل میں شہریوں کے ساتھ تصاویر بناتے رہے اور شاپنگ میں بھی مصروف نظر آئے۔ قومی ٹیم کے اہم کھلاڑی حسن علی، شاداب خان، شاہین شاہ، محمد حسنین اور فخر زمان انڈیا کیخلاف بڑے میچ سے قبل پریکٹس سیشن میں شریک نہیں تھے بلکہ موج مستی اور سیر سپاٹے کرتے رہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل مانچسٹر کے ریسٹورنٹ میں شیشہ پینے کی ویڈیو نے سب کی آنکھیں کھول دی ہیں۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ شعیب اختر نے سرفراز احمد کو کھری کھری سنا دیں

دوسری جانب انکشاف ہوا ہے کہ کپتان سرفراز احمد بلے باز آصف علی اور باؤلر محمد حسنین کو کھلانا چاہتے تھے لیکن ٹیم کے بڑوں نے ان کی ایک نہ سنی، وہ ان کے ساتھ رات دیر تک الجھتے رہے۔ بعد ازاں بھارت کے خلاف شعیب ملک اور عماد وسیم کو کھلایا گیا۔ دوسری طرف یہ بھی اطلاعات ہیں کہ بھارت کے ہاتھوں عبرتناک شکست کے بعد کپتان سرفراز احمد ساتھی کھلاڑیوں پر برس پڑے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی سمجھتا ہے کہ صرف میں ہی جاؤں گا تو یہ اس کی بھول ہے۔

واضح رہے کہ سرفراز احمد کی سخت گفتگو کے دوران ہیڈ کوچ مکی آرتھر بھی خاموش رہے۔ سرفراز کا ساتھی کھلاڑیوں سے کہنا تھا کہ اب جو ہو گیا ہے، اسے بھول جائیں اور آگے بڑھیں۔ اگلے چار میچوں میں اپنی پرفارمنس سے ٹیم کو اوپر لے کر آئیں۔

Facebook Comments