امپائرز نے کونسی غلطی کی کہ نیوزی لینڈ ورلڈ کپ سے محروم ہو گیا؟ سائمن ٹافل نے بتا دیا

What mistake umpires did that New Zealand loss the world cup?
15جولائی2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (آسٹریلیا) سابق انٹرنیشنل امپائر سائمن ٹافل کا کہنا ہے کہ ورلڈکپ کے فائنل میں انگلینڈ کو غلط طور پر ایک اضافی رنز دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے فائنل میچ کے آخری اوور میں نیوزی لینڈ کے فیلڈر کی تھرو بیٹسمین بین اسٹوکس سے ٹکرا کر باؤنڈری لائن کراس کر گئی تھی جبکہ اس دوران اسٹوکس اپنا دوسرا رنز مکمل کرنے کیلئے بھاگ رہے تھے۔ اس پر فیلڈ امپائر دھرماسینا نے انگلش ٹیم کو 6 رنز دیئے جو کہ انگلینڈ کی فتح کا بنیادی سبب بنے۔

اس بارے میں سائمن ٹافل کا کہنا ہے کہ فیلڈ امپائر نے یہاں پر انگلینڈ کو 6 رنز دے کر واضح غلطی کی حالانکہ یہاں پانچ رنز ملنے چاہیئں تھے کیونکہ جب گیند پھینکی گئی تو بیٹسمین نے ابھی اپنا دوسرا رنز مکمل نہیں کیا تھا۔ اس غلطی کی وجہ سے ہی بین اسٹوکس کو اسٹرائیک ملی۔

آسٹریلوی ویب سائٹ فاکس اسپورٹس سے گفتگو کرتے ہوئے سائمن ٹافل نے ایم سی سی کے قوانین کی کتاب کے قانون 19.8 کا حوالہ دیا اور کہا کہ “یہ واضح غلطی ہے”۔

یاد رہے کہ سائمن ٹافل کا شمار کرکٹ کی تاریخ کے بہترین امپائرز میں ہوتا ہے اور انہوں نے 2004ء سے 2008ء کے دوران لگاتار 5 سال تک آئی سی سی امپائر آف دی ایئر کا ایوارڈ حاصل کیا۔ تاہم، سائمن ٹافل نے دونوں امپائرز کا دفاع کیا اور کہا کہ کمار دھرماسینا اور ماریاس اریسمس بہترین امپائر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہاں مشکل یہ ہے کہ امپائرز کو دیکھنا ہوتا ہے کہ بیٹسمین نے رنز مکمل کیا ہے یا نہیں کیونکہ انہیں دیکھنا ہوتا ہے کہ کب گیند پکڑی گئی اور کب پھینکی گئی۔ انہوں نے کہا کہ امپائرز کو یہ بھی دیکھنا ہوتا ہے کہ اس موقع پر بیٹسمین کہاں تھے۔

اس واقعے کے متعلق نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے بھی کہا ہے کہ یہ کھیل کا حصہ ہے۔

Facebook Comments