کرکٹ ورلڈ کپ 2019! سابق بھارتی کپتان کا پاکستان ٹیم سے متعلق تجزیہ

15مئی2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (نئی دلی) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی نے انگلینڈ میں ریکارڈ اور آئی سی سی ٹورنامنٹ میں کارکردگی کے پیش نظر پاکستان کو فیورٹ ٹیموں میں ایک ٹیم قرار دے دیا ہے۔

تفصیلات کچھ اس طرح ہیں کہ بھارتی اخبار کے مطابق سارو گنگولی کا کہنا ہے کہ عالمی ٹورنامنٹس اور انگلینڈ میں پاکستانی ٹیم کا ریکارڈ غیرمعمولی ہے، دو سال قبل انہوں نے چیمپیئنز ٹرافی جیتی، انگلینڈ میں 2009ء میں ورلڈ ٹی 20 ٹورنامنٹ جیتا۔ حالیہ سیریز کے دوران انگلینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں پاکستان کی کارکردگی کی مثال دیتے ہوئے گنگولی نے کہا کہ پاکستان نے انگلینڈ میں ہمیشہ اچھا کھیلا ہے، وہ صرف 12 رنز سے پیچھے رہ گئے نہیں تو انہوں نے 374 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف تقریباً حاصل کر لیا تھا۔

انکا کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنی عمدہ بولنگ کی وجہ سے انگلینڈ کو اُس کی سر زمین پر ٹیسٹ میچز میں بھی شکست دی ہے۔ گنگولی کا کہنا ہے کہ ویرات کوہلی اور اُن کی ٹیم کواس خطرے سے بہت زیادہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں، بھارتی اسکواڈ میں گہرائی ہے اور اُسے ہرانا بہت مشکل ہے۔

سابق بھارتی کپتان نے کہا کہ میں ریکارڈز پر یقین نہیں رکھتا، دونوں ٹیموں کو اُس خاص دن اچھا کھیلنا ہو گا، بھارت اچھی ٹیم ہے، ایسی ٹیم جس میں کوہلی، روہیت شرمااور شیکھر دھون جیسے کھلاڑی ہوں، اُسے شکست دینا مشکل ہوگا۔ ورلڈ کپ 2003 ء کے فائنل میں آسٹریلیا سے شکست کھانے والی بھارتی ٹیم کا آج کی ٹیم کے ساتھ موازنہ کرنے کے سوال پر گنگولی نے کہا کہ دونوں ٹیمیں مختلف جنریشن کی ہیں، ہم نے 2003ء میں فائنل کھیلا، مجھے امید ہے یہ فائنل کھیلیں گے اور جیتیں گے۔

Facebook Comments