گوروں نے پاکستانی باؤلرز کا بھرکس نکال دیا! تیسرے ون ڈے میں گرین شرٹس کو 6 وکٹوں سے شکست

15مئی2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (برسٹل) تیسرے ایک روزہ میچ میں پاکستانی بولرز نے بلے بازوں کی شاندار بیٹنگ پر پانی پھیر دیا اور 359 رنز کے بڑے ہدف کا دفاع بھی نہ کرسکے۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 359 رنز کا ہدف 45 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا اور پاکستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی، انگلینڈ کو پانچ میچز کی سیریز میں 0-2 کی برتری حاصل ہوگئی ہے یعنی اب سیریز میں انگلینڈ کو شکست نہیں ہوسکتی، اگر پاکستان اگلے دونوں میچ جیت لیتا ہے تو سیریز 2-2 سے برابر ہوگی جبکہ انگلینڈ کو سیریز اپنے نام کرنے کیلئے صرف ایک فتح درکار ہوگی۔

برسٹل میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا اور پاکستان کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے اوپنر امام الحق کی شاندار سنچری کی بدولت 9 وکٹوں کے نقصان پر 358 رنز بنائے۔ گرین شرٹس کی جانب سے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا لیکن پہلے ہی اوور میں فخر زمان 2 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ بابر اعظم بھی 15 رنز بنا کر پویلین لوٹے جس کے بعد حارث سہیل اور امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی تاہم حارث سہیل 41 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے۔

کپتان سرفراز احمد پانچویں نمبر پر کھیلنے آئے اور 27 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد آصف علی اور امام الحق نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور اسکور میں تیزی سے اضافہ کیا۔ امام الحق نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے اپنے کریئر کی چھٹی سنچری بنائی، انہوں نے اپنی اننگز میں ایک چھکا اور 14 چوکے لگائے جبکہ آصف علی نے بھی 40 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی۔ امام الحق نے کریئر کی سب سے بہترین اننگز کھیلی اور 151 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، آصف علی 52 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ انگلینڈ کی جانب سے کرس ووکس نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

انگلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز جیسن رائے اور جونی بیئراسٹو نے کیا، دونوں کھلاڑیوں نے پہلی وکٹ پر 159 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کیا۔ انگلینڈ کی پہلی وکٹ 159 کے اسکور پر گری جب جیسن رائے 76 رنز بنا کر فہیم اشرف کا شکار بنے۔ اس کے بعد جوئے روٹ نے بیئراسٹو کا ساتھ دیا اور اسکور 234 رنز تک پہنچایا، اس موقع پر جونی بیئراسٹو 128 رنز بنا کر جنید خان کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ جوئے روٹ 43 اور بین اسٹوکس 37 رنز بنا کر پویلین لوٹے، تاہم معین علی وکٹ پر جمے رہے اور ناقابل شکست 46 رنز بنا کر ٹیم کو فتح دلائی۔ کپتان اوئن مورگن بھی 17 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی سب سے مہنگے بولر ثابت ہوئے جنہوں نے 10 اوورز میں 83 رنز دیئے اور کوئی وکٹ حاصل نہ کرسکے۔ جنید خان، فہیم اشرف اور عماد وسیم کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

یاد رہے کہ انگلینڈ کو پانچ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل ہے جبکہ سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث بے نتیجہ رہا۔

یہ بھی یاد رہے کہ سیریز کا اگلا میچ 17 مئی کو ناٹنگھم میں کھیلا جائے گا۔

Facebook Comments