نوجوان لیگ اسپنر شاداب خان کرکٹ کے عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے

Shadab Khan
14مئی2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (لاہور) قومی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز لیگ اسپنر شاداب خان مکمل فٹ ہو گئے ہیں، اور وہ رواں ماہ سے انگلینڈ میں ہونے والے کرکٹ کے عالمی مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کیلئے تیار ہیں۔

شاداب خان کی فٹنس کے حوالے سے باضابطہ طور پر منگل کو اعلان کیا جائے گا جبکہ 14 مئی کوشاداب کا لندن میں ڈاکٹر معائنہ کریں گے جس کے بعد وہ ٹیم جوائن کر لیں گے۔ شاداب خان کے فٹ ہونے کے بعد لیگ اسپنر یاسر شاہ کو وطن واپس بلا لیا جائے گا۔ ہیپاٹائیٹس سی وائرس میں مبتلا شاداب خان کی نئی رپورٹس حوصلہ افزا ہیں اور اس کی بنیاد پر انہیں ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم میں شامل کیا جائے گا جس کا اعلان اگلے 24 گھنٹوں میں کیا جائے گا۔

اس حوالے سے پی سی بی ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ شاداب خان کا نیا بلڈ ٹیسٹ لاہور کی لیبارٹری میں بھجوایا گیا ہے جس کی رپورٹ اگلے دو دن میں آئے گی۔

اطلاعات ہیں کہ اتوار کو پنڈی میں شاداب خان کے خون کے نمونے لے کر مزید ٹیسٹ کیلئے شوکت خانم لیبارٹری لاہور بھجوائے گئے تھے۔ پی سی بی میڈیکل پینل کے ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ شاداب خان کی نئی رپورٹس حوصلہ افزاء ہیں اور اس میں اس بات کا کوئی اشارہ نہیں ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں شریک نہ ہوں۔

اس سے قبل لندن میں برطانوی ڈاکٹر نے شاداب خان کو فٹ قرار دے کر ورلڈ کپ کھلانے کیلئے گرین سگنل دے دیا تھا۔ شاداب خان ان دنوں قومی اکیڈمی لاہور میں ہیں اور ٹریننگ کر رہے ہیں امید ہے کہ بدھ کو اعلان کے بعد وہ جلد قومی ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔

Facebook Comments