وریندر سہواگ نے پاک بھارت میچ کے حوالے سے بیان دے کر ماحول گرم کر دیا

14اپریل2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (نئی دلی) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر وریندر سہواگ کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ 2019ء میں پاکستان کے خلاف میچ میں بھارتی ٹیم کے پاس جیتنے کے علاوہ کوئی دوسرا آپشن نہیں۔

تفصیلات کچھ اس طرح ہیں کہ بھارت کے سابق کرکٹر وریندر سہواگ نے گووا میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ جب پاکستان اور بھارت کھیلتے ہیں تو وہ میچ جنگ سے کم نہیں ہوتا، ہمیں جنگ کو ہارنا نہیں بلکہ ہر حال میں جیتنا ہے۔

یاد رہے کہ کرکٹ کے عالمی کپ 2019ء میں پاکستان اور بھارت کا مقابلہ 16 جون کو مانچسٹر کے میدان پر ہو گا، یہ وہی میدان ہے جہاں 2 سال قبل پاکستان نے روایتی حریف بھارت کو چیمپیئنز ٹرافی کے فائنل میں شکست کا مزا چکھایا تھا۔

واضح رہے کہ رواں سال 14 فروری کو پلوامہ میں بھارتی سیکیورٹی فورسز پر خود کش حملے میں 40 سیکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد سے پاکستان اور بھارت کے درمیان حالات کشیدہ ہیں۔ بھارت نے اس حملے کا الزام پاکستان پر عائد کیا تھا جسے پاکستان نے مسترد کرتے ہوئے حملے کی تحقیقات میں مکمل تعاون کی پیشکش کی تھی لیکن بھارت کی جانب سے پاکستان کی اس پیشکش کو مسترد کردیا گیا تھا۔

Facebook Comments