بھارت کا نیا ٹوپی ڈرامہ! جنگی جنون کو کرکٹ کے میدانوں تک لے آئے

08مارچ2019
(فوٹو سوشل میڈیا)

ویب ڈیسک: (رانچی) مودی سرکار پر جنگ کا بھوت اس قدر سوار ہے کہ اب بھارت میں کھیل کے میدان بھی جنگ کا منظر پیش کرنے لگے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آج بھارتی ریاست جھاڑ کھنڈ کے شہر رانچی میں بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان ایک روزہ میچ کھیلا گیا گیا،جس میں بھارتی ٹیم نے کرکٹ کی تاریخ میں انوکھا کام کر دیا،پوری بھارتی ٹیم فوجی ٹوپیاں پہن کر میدان میں اتر آئی۔

بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی جب ٹاس کیلئے آئے تو انہوں نے فوجی ٹوپی پہن رکھی تھی ،ٹاس جیتنے کے بعد انہوں نے انکشاف کیا کہ آج بھارتی ٹیم کے تمام کھلاڑی فوجی ٹوپیاں پہنے گے جبکہ پوری ٹیم نے میچ کا معاوضہ پلواما میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کے اہلِ خانہ کو عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

میچ شروع ہونے سے قبل بھارتی ٹیم کے سابق کپتان مہیندرا سنگھ دھونی نے تمام کھلاڑیوں میں فوجی ٹوپیاں تقسیم کیں۔
بھارت کی اس بچگانہ حرکت پر سوشل میڈیا پر صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

دوسری طرف پاکستان کے وفاقی وزیرِ اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کی اس عجیب حرکت پر احتجاج کرتے ہوئے پی سی بی سے گذارش کی کہ بھارتی ٹیم کے اس جارحانہ رویے پر آئی سی سی سے ایکشن لینے کا مطالبہ کیا جائے ،اگر آئی سی سی ایکشن نہیں لیتی تو پاکستانی ٹیم کو بھارت کے مظالم یاد کروانے کیلئے سیاہ پٹیاں باندھنی چاہئیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل کھیل کے میدانوں میں کینسر سے متعلق آگاہی کیلئے کھلاڑی دوسرے رنگ کی وردیاں پہنتے تھے یاپھر وردی پر کوئی خاص بیجزلگائے جاتے تھے لیکن جنگی ماحول کی عکاسی کرنے کا یہ پہلا واقع ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ بھارت اس میچ میں32 رنز سے ہار گیا ہے۔

Facebook Comments