پہلا ٹی ٹونٹی ۔ بھارت کو نیوزی لینڈ کے ہاتھوں بد ترین شکست کا سامنا

IN vs NZ 1st T20 Wellington 2019
06فروری2019
(فوٹو بشکریہ ای ایس پی این کرک انفو ڈاٹ کام )

ویب ڈیسک: (ویلنگٹن) بھارت کو میزبان نیوزی لینڈ کے ہاتھوں پہلے ٹی ٹونٹی میں 80رنز کی شکست سے ہاتھ دھونا پڑے۔

بھارت نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی جو اسے مہنگی پڑی،کیوی بلے بازوں نے بھارتی باؤلرز کی درگت بناتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 219/6رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا،نیوزی لینڈ کی جانب سے اوپنر بلے باز ٹم سیفرٹ نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے محض 43گیندوں پر 84رنز بنا ڈالے جن میں6چھکے اور 7چوکے شامل تھے،جبکہ بھارت کی جانب سے ہردیک پانڈیا 2وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر ٹھہرے۔

غیر معمولی ہدف کے تعاقب میں پوری بھارتی ٹیم 139کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئی،وکٹ کیپر بیٹسمین مہندرا سنگھ دھونی 39رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز قرار پائے،دوسری جانب کیوی فاسٹ باؤلر ٹم ساؤتھی 3وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔

بھارت کے 7بلے باز دوہرے ہندسے میں بھی داخل نہ ہو سکے۔

اس طرح بھارت کو3ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں ہی 80 رنز کے بڑے مارجن سے شکست ہو گئی۔

عمدہ بلے بازی کا مظاہرہ کرنے پر ٹم سیفرٹ کو مین آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

واضح رہے کہ سیریز کا دوسرا ٹی ٹونٹی میچ 8تاریخ کو آکلینڈ میں کھیلا جائے گا۔

Facebook Comments