زارا البلوشی کو سعودی عرب میں مستقل سکونت مل گئی

zara alboushi
01جنوری2021
(فوٹو : انسٹاگرام)

ویب ڈیسک: (ریاض) پاکستانی اداکارہ زارا البلوشی کو سعودی عرب نے مستقل سکونت کا اجازت نامہ دے دیا۔

خلیجی میڈیا کے مطابق سعودی عرب میں پیدا ہونے والی پاکستانی اداکارہ زارا البلوشی کو سعودی عرب میں 8 لاکھ ریال کے عوض مستقل سکونت مل گئی۔ انھوں نے حال ہی میں مستقل طور پر سعودی عرب میں رہائش کا اجازت نامہ ملنے پر کہا ہے کہ وہ اب مملکت کو اپنا ’ابدی گھر‘ کہہ سکتی ہیں۔

انتالیس سالہ زارا البلوشی نے سعودی اسکولوں میں تعلیم حاصل کی اور وہ روانی سے عربی زبان بو لتی ہیں، انھوں نے سوشل میڈیا پر اپنے ’پریمیئم ریزیڈینسی کارڈ‘ کی تصویر بھی پوسٹ کی، انھیں سعودی سکونت 2019ء میں لانچ کیے جانے والے ایک پروگرام کے تحت ملی ہے۔

اس پروگرام کے تحت کسی سعودی شہری کی طرف سے اسپانسر کے بغیر غیر ملکی افراد ایک لاکھ ریال میں قابل تجدید سکونت بھی حاصل کر سکتے ہیں۔

سعودی عرب میں 2010ء سے اداکاری کرنے والی زارا البلوشی نے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ مجھ پر اعتماد کرنے اور مستقل سکونت دینے کا شکریہ، میں اپنی خوشی بیان نہیں کر سکتی، میں سعودی عرب میں جینا اور مرنا چاہتی ہوں، خوشی ہے کہ اب میں کسی ویزا پابندی کے بغیر سعودی عرب سے کہیں بھی جا سکتی ہوں۔

میڈیا سے گفتگو میں انھوں نے کہا کہ سعودی آرٹس اور سینما میں وہ قابل قدر اضافہ ثابت ہوں گی، واضح رہے کہ زارا البلوشی نے سعودی اور خلیج کے ’المیراث‘ اور ’ہیلو ہائے‘ جیسے ڈراموں میں کام کیا ہے۔

Facebook Comments