ماہرہ خان اور بلال اشرف کی نئی آئے والی فلم ’’سپر اسٹار‘‘ کا نیا گانا ریلیز ہوتے ہی ہٹ ہو گیا

05اگست2019
فوٹو : اسکرین گریب

ویب ڈیسک: (لاہور) جیسا کہ بلال اشرف اور ماہرہ خان کی عید الاضحیٰ پر آنے والی فلم (سپر اسٹار) کے ٹریلر اور پہلے گانے نے خوب پذیرائی سمیٹی تاہم اب اس فلم کے ایک اور گانے (دوستو) نے ریلیز کے ساتھ ہی شائقین کی توجہ اپنی طرف مبذول کروا لی ہے۔

ریلیز کئے گئے نئے گانے (دوستو) میں جہاں بلال اشرف اور ماہرہ خان کو کلاسیکل رومانوی ڈانس کرتے دیکھا جا سکتا ہے، وہیں اس میں لیجنڈ اداکار ندیم کو بھی پرفارمنس کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ (دوستو) کو مستحسن خان اور مصطفیٰ زاہد نے گایا ہے جبکہ اس کی شاعری شکیل سہیل نے ترتیب دی ہے۔

اعظم سمی خان اور سعد سلطان کی ترتیب دی گئی شاندار موسیقی پر مبنی گانے کو سننے کے بعد مداحوں کا انتظار مزید طویل ہوگیا ہے۔ (دوستو) سے قبل فلم (سپر اسٹار) کے گانے (دھڑک بھڑک) نے بھی مداحوں کو خوب محظوظ کیا تھا۔ اسی طرح فلم کے رومانوی گانے (ان دنوں) سے بھی شائقین خوب محظوظ ہوئے تھے۔ اس فلم کے گانے (نوری) نے سب سے زیادہ شائقین کو محظوظ کیا تھا، کیونکہ اس میں ماہرہ خان کی ڈانس پرفارمنس شاندار تھی۔

علاوہ ازیں (سپر اسٹار) کا گانا (بیکاراں) بھی کافی مقبول ہوا تھا۔

فلم کا ٹریلر رواں برس جون میں جاری کیا گیا تھا، (سپر اسٹار) کو عیدالاضحیٰ پر ریلیز کیا جائے گا، یہ فلم شوبز انڈسٹری کے گرد گھومتی ہے۔

فلم میں ماہرہ خان اور بلال اشرف سمیت دیگر کئی اہم اداکار ایکشن میں نظر آئیں گے۔

Facebook Comments