جیمز بانڈ کی ایکشن سے بھرپور فلم کا پہلا ٹریلر جاری کر دیا گیا

The first trailer for the James Bond action movie has been released
04دسمبر2019
(فوٹو اسکرین شاٹ)

ویب ڈیسک: (لاس اینجلس) ہولی وڈ کی جاسوسی سے متعلق معروف زمانہ فلم سیریز جیمز بانڈ کے مداحوں کے لیے خوشخبری ہے کہ فلم کی ٹیم نے اس کا پہلا ٹریلر جاری کر دیا۔

جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم کا مداحوں کو طویل وقت سے انتطار ہے اور اس فلم کی شوٹنگ گزشتہ 2 سال سے جاری ہے،دو دن قبل ہی فلم کا مختصر ٹیزر جاری کرتے ہوئے جلد ٹریلر جاری کرنے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اور اب ایکشن، لڑائی، لڑکیوں، رومانس اور سسپینس سے بھرپور سیریز کی 25 ویں فلم ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ کا 2 منٹ 35 سیکنڈ دورانیے پر مشتمل ٹریلر جاری کر دیا گیا۔

’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ میں ایک بار پھر اور شاید آخری بار برطانوی اداکار ڈینیئل کریگ جاسوس کا مرکزی کردار نبھاتے نظر آ رہے ہیں اور ان کے ساتھ ہی اگلے جاسوس کا کردار نبھانے والی اداکارہ لشانا لائنچ بھی نظر آ رہی ہیں۔ ٹریلر میں برطانوی جاسوس جیمز بانڈ یعنی ڈینیئل کریگ کو خطرناک مشن کو مکمل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے، ٹریلر کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ اس بار شائقین فلم میں سائنس فکشن فلموں جیسی کاریں اور موٹر سائکلیں بھی فلم میں دیکھ سکیں گے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے: ہولی ووڈ کی تھری ڈی میوزیکل کامیڈی فلم ’ ‘ٹرولز ورلڈ ٹوور‘ کا ٹریلر جاری

ٹریلر میں ریمی ملک کی جھلک بھی دکھائی گئی ہے جو اس بار فلم میں ولن کے طور پر دکھائی دیں گے اور وہ برطانوی جاسوس جیمز بانڈ کو انتہائی تنگ کرتے دکھائی دیں گے۔ ’نو ٹائم ٹو ڈائے‘ میں بھی سیریز کی پچھلی فلموں کی طرح برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی سکس کے اہلکار کو جاسوس یا ایجنٹ کے طور پر دکھایا جا رہا ہے۔

ہر فلم کی طرح اس بار بھی جیمز بانڈ نامی جاسوس کو خطرناک مشن پر بھیجے جانے کے وقت اسے ’007‘ کا خفیہ کوڈ دیا جاتا ہے اور کچھ ساتھیوں کی مدد سے مشن کو مکمل کرتا دکھائی دے گا۔ جیمز بانڈ سیریز کی 25 ویں فلم کی کہانی کی دلچسپت بات یہ ہے کہ اس بار جاسوس جیمز بانڈ کو امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے سے تعلق رکھنے والے ایک دوست سے مدد مانگتے ہوئے دکھایا جائے گا جب کہ اس بار جیمز بانڈ کے کردار کو فلم میں ریٹائر ہوکر عام زندگی کی طرف لوٹتے ہوئے بھی دکھایا جائے گا۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے: خوف اور دہشت سے بھرپور ہولی ووڈ تھرلر ’’ 47میٹرز ڈاوَن ٹو ان کیجڈ‘‘ کا ٹریلر جاری

جیمز بانڈ کی 25 ویں فلم ‘نو ٹائم ٹو ڈائے‘ میں جاسوس کو اغوا ہونے والے ایک سائنسدان کو تلاش کرتے ہوئے دکھایا جائے گا اور اس موقع پر انہیں کئی خطرناک لوگوں اور نئی ٹیکنالوجی کے ہتھیاروں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ فلم کی کہانی کے مطابق آخر میں مشن کی کامیابی کے بعد جیمز بانڈ ریٹائرڈ ہوجائیں گے، جس کے بعد ان کی ذمہ داریاں ممکنہ طور پر ایک خاتون کو دی جائیں گی جو سیریز کی اگلی فلم میں جاسوس کے روپ میں دکھائی دیں گی۔

جیمز بانڈ کی اگلی فلم میں جیمز بانڈ کا کردار ایک خاتون نبھائیں گی اور اس 25 ویں فلم میں اس خاتون یعنی لشانا لائنچ کو بھی دکھایا گیا ہے جو جیمز بانڈ کا ساتھ دیتی دکھائی دیتی ہیں۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے: مشہور زمانہ فلم سیریز ’’ٹرمینیٹر‘‘ کا نیا ورژن ’’ٹرمینیٹر ڈارک فیٹ‘‘ کا پہلا ٹریلر جاری

جیمز بانڈ کی اگلی یعنی 26 ویں فلم وہ پہلی فلم ہوگی جس میں برطانوی جاسوس جیمز بانڈ کا کردار کوئی خاتون یعنی لشانا لائنچ ادا کرتی دکھائی دیں گی۔ ٹریلر میں ہی اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ فلم کو آئندہ برس اپریل میں ریلیز کیا جائے گا، اس سے قبل اعلان کیا گیا تھا کہ فلم کو 8 اپریل 2020 کو ہی ریلیز کیا جائے گا۔

Facebook Comments