شاہد آفریدی اور وسیم بادامی عید قربان پر جنگیز جوشقون کی میزبانی کریں گے

Cengiz Coşkun
30جولائی2020
(فوٹو : فائل)

ویب ڈیسک: (انقرہ) پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر رواں برس اپریل سے نشر ہونے والے ترک ڈرامے (دیریلیش ارطغرل) جسے اردو میں ترجمہ کر کے ارطغرل غازی کے نام سے پیش کیا جا رہا ہے۔

اس کے مقبول کردار ترگت نے پاکستانی مداحوں کیلئے عید قرباں کے موقع پر خوشخبری کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پرمسرت موقع پر سابق کرکٹر شاہد آفریدی اور معروف میزبان وسیم بادامی کے ساتھ براہ راست ویڈیو نشت کریں گے۔

شہرہ آفاق ترک ڈرامے میں ارطغرل غازی کے قریبی ساتھی جنگجو ‘ترگت’ کا کردار ادا کرنے والے 38 سالہ اداکار جنگیز جوشقون کی سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں انہیں شاہد آفریدی اور وسیم بادامی کے ساتھ عید کے موقع پر براہ راست ویڈیو نشت کیے جانے سے متعلق اعلان کرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے۔

جنگیز جوشقون کے مداحوں کے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری کی جانے والی مختصر دورانیے کی ویڈیو میں ارطغرل غازی کے اداکار کو عید قرباں کے موقع پر پاکستانی مداحوں کیلئے آن لائن نشت رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں جنگیز جوشقون کہتے سنائی دے رہے ہیں کہ وہ عید کیلئے پرجوش ہیں، کیوںکہ وہ اس موقع پر شاہد آفریدی اور وسیم بادامی کے ساتھ گفتگو کریں گے۔

‘ترگت’ کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد پاکستان میں ان کے مداحوں نے خوشی کا اظہار کیا اور مداحوں نے ان کی ویڈیو پر کمنٹس کیے کہ وہ عید کا بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔

‘ترگت’ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد میزبان وسیم بادامی نے بھی اے آر وائی نیوز کی ٹوئٹ شیئر کرتےہوئے اس بات کی تصدیق کی کہ ارطغرل غازی کے اداکار ان کے پروگرام کے مہمان بنیں گے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ ارطغرل نے بولی ووڈ ہیروز کی بینڈ بجا کے رکھ دی! مسلم نوجوان ارطغرل کے دیوانے ہو گئے

وسیم بادامی کی جانب سے شیئر کی گئی مختصر ویڈیو کے مطابق ‘ترگت’ عید قرباں کے تیسرے دن صبح 11 بجے اے آر وائی نیوز پر نشر ہونے والے خصوصی پروگرام کے مہمان ہوں گے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ انجن التان دوزیاتن کا خصوصی انٹرویو! پاکستانیوں کی جم کر تعریفیں

وسیم بادامی کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو میں ‘ترگت’ کی وائرل ہونے والی مذکورہ ویڈیو بھی دکھائی گئی جبکہ شاہد آفریدی اور وسیم بادامی بھی مداحوں کو بتاتے نظر آئے کہ ارطغرل غازی کے سپہ سالار ان کے مہمان ہوں گے۔

یہ پہلا موقع ہو گا کہ ارطغرل غازی ڈرامے کے کسی اداکار سے پاکستان کا کوئی نجی ٹی وی چینل گفتگو کرے گا۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ اسریٰ بلجک نے کشمیر جانے کی خواہش کا اظہار کر دیا

اس سے قبل ارطغرل غازی کے اداکار سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستانی مداحوں اور پاکستان کیلئے محبت کا اظہار کر چکے ہیں جبکہ ترک ڈرامے کی کچھ اداکار اخبارات اور ویب سائٹس کو دیئے گئے انٹرویوز میں بھی پاکستانیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کر چکے ہیں۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ ترک اداکارہ کا پاکستان اور پاکستانیوں سے محبت کا اظہار! جلد پاکستان آنے کا ارادہ ظاہر کر دیا

ارطغرل غازی کی تمام بڑی کاسٹ سوشل میڈیا اور انٹرویوز کے ذریعے پاکستان آنے کی خواہش اور پاکستانی شوبز انڈسٹری کے ساتھ مل کر کام کرنےکی خواہش کا اظہار بھی کر چکی ہے۔

Facebook Comments