مشہور بولی ووڈ ڈانس ڈائریکٹر سروج خان انتقال کر گئیں

Saroj Khan
03جولائی2020
(فوٹو : فائل)

ویب ڈیسک: (ممبئی) بولی ووڈ کی مشہور کوریوگرافر سروج خان حرکتِ قلب بند ہونے کی وجہ سے آج صبح ممبئی کے مقامی اسپتال میں انتقال کر گئیں۔

ڈانس ڈائریکٹر کی حیثیت سے تقریباً 40 سال تک بولی ووڈ فلم نگری پر حکمرانی کرنے اور بھارت میں ’’مادرِ رقص‘‘ (مدر آف کوریوگرافی) کا خطاب حآصل کرنے والی سروج خان کا اصل نام نرملا ناگپال تھا اور وہ 1948ء میں بمبئی (موجودہ ممبئی) میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے صرف تین سال کی عمر سے فلموں میں بطور چائلڈ آرٹسٹ کام شروع کر دیا تھا جبکہ نوعمری میں بیک گراؤنڈ ڈانسر کے طور پر بھی دکھائی دیں۔

سروج خان نے جلد ہی ڈانس ڈائریکشن اور کوریوگرافی کو اپنا کریئر بنا لیا اور 2000 سے زائد بولی ووڈ اور ساؤتھ انڈین فلموں میں کوریوگرافی/ ڈانس ڈائریکشن کی جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ بولی ووڈ اداکار نواز الدین صدیقی کی بہن انتقال کر گئیں

ان کی کوریوگراف کی ہوئی فلموں میں ہیرو، مسٹر انڈیا، تیزاب، چاندنی، سیلاب، ڈر، آئینہ، بازی گر، مہرہ، دل والے دلہنیا لے جائیں گے، ہم دل دے چکے صنم، تال، لگان، دیوداس، منگل پانڈے، فنا، جب وی میٹ، دلی 6، اے بی سی ڈی اور گلاب گینگ جیسی سپر ہٹ فلمیں شامل ہیں۔ شاہ رخ خان اور عامر خان کے علاوہ انہوں نے مادھوری ڈکشت اور سری دیوی جیسی بڑی اداکاراؤں کو بھی کوریوگراف کیا۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ افسوس ناک خبر! بولی ووڈ کے وراسٹائل اداکار قادر خان انتقال کر گئے

خبروں کے مطابق وہ پچھلے کئی مہینوں سے دل کی تکلیف میں مبتلا تھیں اور ممبئی کے ایک مقامی اسپتال میں داخل تھیں۔ ان کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔ سروج خان کے بھانجے منیش جاگوانی نے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ آج 3 جولائی 2020ء کو علی الصبح اچانک دل کی دھڑکن بند ہو جانے سے انکا انتقال ہوا۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ معروف بولی ووڈ کوریو گرافر اخلاق سوز جرم میں گرفتار

سروج خان کی موت پر بولی ووڈ کے تمام بڑے اداکاروں اور کوریوگرافرز نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور اسے انڈین فلم انڈسٹری کیلئے ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا ہے۔

Facebook Comments