اِسریٰ بِلجِک کے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا! پاکستانی مداحوں کو کھری کھری سنا دیں

Esra Bilgiç
02ستمبر2020
(فوٹو : فائل)

ویب ڈیسک: (لاہور) پاکستان میں حلیمہ سلطان کے نام سے مشہور ترک اداکارہ اِسریٰ بِلجِک نے ان کے لباس پر تنقید کرنے والے پاکستانی مداح کو جواب دے کر خاموش کرا دیا۔

تفصیلات کے مطابق ترک ڈرامے ’’ارطغرل غازی‘‘ کے پاکستان میں خوب چرچے ہیں اور لوگ نہ صرف ڈرامہ دیکھ رہے ہیں بلکہ ڈرامے کی کہانی اور کرداروں سے اپنے جذبات اور محبت کا اظہار بھی کر رہے ہیں۔ بہت سے پاکستانی تو حلیمہ سلطان کی خوبصورتی اور معصومیت دیکھ کر ان کے عشق میں گرفتار ہو چکے ہیں۔ سوشل میڈیا پر جہاں ڈرامے کی خوب پذیرائی ہو رہی ہے وہیں کچھ پاکستانی مداح ڈرامے کے کرداروں کی ذاتی زندگی پر بھی بات کر رہے ہیں۔

پاکستانیوں کی تنقید کا سب سے زیادہ شکار ہونے والی ڈرامے کی ہیروئن اِسریٰ بِلجِک ہیں۔ اسریٰ ذاتی زندگی میں ڈرامے میں اپنے کردار حلیمہ سے بالکل مختلف ہیں اور عام زندگی میں مغربی طرز کا لباس زیب تن کرتی ہیں اور اس لباس میں اکثر تصاویر سوشل میڈیا پر بھی شیئر کرتی ہیں۔

تاہم اِسریٰ کا مغربی طرز کا لباس ان کے پاکستانی مداحوں کو ایک آنکھ نہیں بھاتا اور کئی پاکستانی اِسریٰ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ان کے لباس پر بہت زیادہ تنقید کرتے ہوئے غم و غصے کا اظہار کر چکے ہیں۔ یہاں تک کہ اِسریٰ نے تنگ آ کر انسٹاگرام پر کمنٹ ہی بند کردیئے تھے۔ پاکستانیوں کی جانب سے اِسریٰ بِلجِک پر تنقید کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ اسریٰ بلجک نے کشمیر جانے کی خواہش کا اظہار کر دیا

سوشل میڈیا پر ایک بار پھر اِسریٰ کے ایک پاکستانی مداح نے ان کے لباس پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’’حلیمہ باجی مہربانی کر کے اس طرح کے لباس نہ پہنا کریں یہ اچھے نہیں ہیں‘‘۔ تاہم اس بار انہوں نے پاکستانیوں کی جانب سے کی جانے والی تنقید سے تنگ آکر کمنٹ بند کرنے یا خاموش رہنے کے بجائے اس شخص کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ میں آپ کو ایک مشورہ دینا چاہتی ہوں مہربانی کر کے مجھے فالو نہ کریں شکریہ۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ ترک اداکارہ کا پاکستان اور پاکستانیوں سے محبت کا اظہار! جلد پاکستان آنے کا ارادہ ظاہر کر دیا

اِسریٰ بلجِک نے پہلی بار ان کے لباس پر تنقید کرنے والے شخص کو جواب دیا ہے لہٰذا ان کا یہ کمنٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔ جہاں سوشل میڈیا پر بہت سے لوگ حلیمہ پر تنقید کرنے والے شخص کو برا بھلا کہہ رہے ہیں کہ پاکستانیوں کو کسی کی ذاتی زندگی میں دخل نہیں دینا چاہیئے، پاکستانیوں کو اپنے کام سے کام رکھنا چاہیئے اور بے عزتی کروا کر سکون مل گیا وغیرہ۔ وہیں کچھ لوگ اس شخص کی حمایت کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ اس نے حلیمہ کو بڑی بہن کی طرح عزت دیتے ہوئے صرف ایک مشورہ دیا ہے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ ایسرا بلجک کا پاکستانیوں کیلئے دل کو چھو جانے والا پیغام

واضح رہے کہ ڈرامہ ’’ارطغرل غازی‘‘ پہلی بار 2014ء میں ترکی کے سرکاری ٹی وی پر نشر کیا گیا تھا اردو زبان میں ڈب کرنے سے پہلے یہ سیریز 60 مختلف زبانوں میں ڈب کر کے مختلف ممالک میں دکھائی جا چکی ہے۔ پاکستان میں یہ ڈرامہ وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر دکھایا جا رہا ہے۔

Facebook Comments