بہت جلد ایک بڑی فلم کے ساتھ سامنے آ رہا ہوں! سمیع خان

19ستمبر2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (کراچی) معروف پاکستانی اداکار سمیع خان کا کہنا ہے کہ بہت جلد وہ ایک بڑی فلم میں جلوہ گر ہو رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اداکار (یاراں وے) نامی فلم میں کام کرنے جا رہے ہیں جو 2020ء میں ریلیز ہوگی۔ سمیع خان کا کہنا ہے کہ فلم کی 85 فیصد شوٹنگ مکمل ہوچکی ہے، ہم اس وقت کرداروں کے حوالے سے کچھ بھی شیئر نہیں کر سکتے، کیونکہ اگر کردار کے حوالے سے کچھ بھی بتایا گیا تو تقریباً فلم کی آدھی کہانی سامنے آ جائے گی۔

ڈان نیوز کے مطابق فلم کی کاسٹ میں سمیع خان کے علاوہ فیضان خواجہ، علیزے ناصر، جاوید شیخ، مرینہ خان اور علی سکندر کام کر رہے ہیں۔ فلم کا اسکرین پلے مہوش اعجاز نے تحریر کیا ہے، جبکہ اس کی ہدایات منیش پاور دے رہے ہیں۔

اس فلم کو الیٹ فلمز کمپنی پروڈیوسر کر رہی ہے، جبکہ اس کی شوٹنگ تھائی لینڈ میں ہو گی۔

مہوش اعجاز کا اس فلم کے حوالے سے کہنا تھا کہ (یاراں وے) کی کہانی رومانوی ہے، اس فلم کے ذریعے مجھے بہت سے ٹیلنٹڈ لوگوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، میں مرینہ اور جاوید شیخ جیسے فنکاروں کے ساتھ کام کرنے کے لیے بھی پرجوش ہوں، امید ہے ناظرین کو فلم پسند آئے گی۔

علیزے ناصر نے فلم میں اپنے کردار کے حوالے سے بتایا کہ میرا کردار ایک لڑکی کا اپنی شخصیت ڈھونڈنے کی کہانی پر مبنی ہے۔ سمیع خان کے ساتھ کام کرنے کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ سمیع ایک بہترین اداکار ہیں، وہ بےحد محنتی ہیں اور اسپورٹ بھی بہت کرتے ہیں، مجھے ان کے ساتھ کام کر کے بےحد مزہ آ رہا ہے۔

واضح رہے کہ فلم کی شوٹنگ رواں سال مکمل ہوجائے گی، تاہم اگلے سال ریلیز ہونے کی تاریخ کا اب تک اعلان نہیں کیا گیا۔

Facebook Comments