عدنان سمیع خان نے مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دے دیا

19اگست2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (ممبئی) بھارتی شہریت حاصل کرنے والے گلوکار عدنان سمیع خان نے مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گلوکار عدنان سمیع خان کو سوشل میڈیا پر ایک پاکستانی نے احساس دلایا کہ وہ بھارت کی جانب سے رواں ماہ 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کئے جانے پر کوئی بیان دیں۔ پاکستانی سوشل میڈیا صارف نے عدنان سمیع خان کو کہا کہ اگر ان میں تھوڑا سا بھی احساس باقی ہے تو وہ کشمیر سے متعلق کوئی بیان دیں۔ پاکستانی مداح کے جواب میں عدنان سمیع خان نے بھارت سے وفاداری نبھاتے ہوئے وادی کشمیر کو قابض بھارت کا اٹوٹ انگ قرار دے دیا۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ دھوبی کا کتا نہ گھر کا نہ گھاٹ کا! احسن خان نے یہ کلمات کس کیلئے ادا کئے

عدنان سمیع خان نے پاکستانی مداح کو جواب دیا کہ ضرور! مقبوضہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ ہے اور تم لوگوں کو ایسی چیزوں میں ناک نہیں ڈالنی چاہیئے جن کا علم نہ ہو۔

عدنان سمیع خان کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کو بھارت کا حصہ قرار دیے جانے پر انہیں نہ صرف پاکستانی بلکہ دیگر صارفین نے بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور لکھا کہ وہ بھارت اور نریندرا مودی سے اپنی وفاداری نبھا رہے ہیں۔

پندرہ اگست کو پاکستان اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے یومِ آزادی کو یوم سیاح کے طور پر منائے جاتے وقت عدنان سمیع خان کی جانب سے وادی کشمیر سے متعلق متنازع بیان دینے پر انہیں لوگوں نے پاکستان کی پیدائش اور گزرا وقت بھی یاد دلایا۔

ایک صارف نے ان سے سوال کیا کہ آج بھارت کی تعریف کرنے والے کے والد کہاں پیدا ہوئے اور کہاں ان کی موت ہوئی؟

تو اس کے جواب میں عدنان سمیع خان نے لکھا کہ ان کے والد 1942ء میں برٹش انڈیا میں پیدا ہوئے اور 2009ء میں بھارت میں چل بسے۔

واضح رہے کہ ان کے والد 2009ء میں لبلبے کے کینسر کی وجہ سے دورانِ علاج چل بسے تھے۔

عدنان سمیع خان نے 2014ء کے بعد پاکستان چھوڑا اور انہیں انڈیا نے 2015ء میں شہریت دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

عدنان سمیع خان کو یکم جنوری 2016ء کو بھارتی شہریت دی گئی، جس پر انہوں نے جشن بھی منایا تھا۔

Facebook Comments