زارا شیخ کی فلموں میں دوبارہ انٹری! کس فلم سے کم بیک کریں گی نام سامنے آ گیا؟

16مارچ2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (کراچی) پاکستان فلم انڈسٹری کی خوبصورت اداکارہ زارا شیخ ایک طویل عرصہ کے بعد فلموں میں دوبارہ اداکاری کرتی نظر آئیں گی۔

لولی ووڈ فلم ’’تیرے پیار میں‘‘ سے فلمی دنیا میں قدم رکھنے والی دلکش اداکارہ زارا شیخ اپنی پہلی فلم سے ہی شہرت کے آسمان پر پہنچ گئیں تھیں، جس کے بعد انہوں نے فلم’’چلو عشق لڑائیں‘‘ اور ’’لاج‘‘سمیت دیگر کامیاب فلموں میں فنِ اداکاری کے جوہر دکھائے تاہم ایک طویل عرصہ سے وہ سلوراسکرین سے دور ہیں لیکن اب ان کے چاہنے والوں کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ وہ دوبارہ فلموں میں جلوہ گر ہو رہی ہیں۔

زارا شیخ عید الضحیٰ پر ریلیز ہونے والی فلم’’ہیر مان جا‘‘ کے ایک گانے میں مداحوں کے ہوش اڑاتے نظر آئیں گی تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ مذکورہ فلم میں مختصر کردار بھی ادا کریں گی لیکن اس حوالے سے کوئی تصدیق شدہ خبر سامنے نہیں آئی۔

یاد رہے کہ زارا شیخ گذشتہ برس فلم’’جیک پوٹ‘‘میں نہایت مختصر کردار میں نظرآئی تھیں لیکن کردار اتنا مختصر تھا کہ کسی نے بھی انہیں فلم میں نوٹس نہیں کیا تاہم فلم’’ہیرمان جا‘‘کو ان کا جاندار کم بیک قرار دیا جارہا ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ فلم’’ہیرمان جا‘‘میں حریم فاروق اورعلی رحمان مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے، اس سے قبل دونوں فلم’’پرچی‘‘اور مختلف ڈراموں میں بھی ایک ساتھ اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں، فلم عید الضحیٰ کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

Facebook Comments