سنجے لیلا بھنسالی کی اگلی فلم موضوع کے اعتبار سے بھارت کی پہلی فلم ہو گی

14جون2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (ممبئی) بولی ووڈ ہدایت کار اور فلم پروڈیوسر سنجے لیلا بھنسالی اپنی فلموں میں بھاری بھر کم سیٹ لگانے اور کثیر سرمائے سے فلمیں تیار کرنے کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں، لیکن انکی اگلی فلم ان تمام عناصر سے ماورا ہو گی، جہاں وہ رنگ و نسل کی تفریق کو بنیاد بنا کر فلم پروڈیوس کریں گے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سنجے لیلا بھنسالی کی اگلی فلم بھارت میں رنگ و نسل کی تفریق کے شکار افراد پر مبنی ہے۔ فلم میں اس اہم مسئلے پر روشنی ڈالی جائے گی جہاں لوگوں کو خوبصورتی کی ایک خاص مثال سکھائی جاتی ہے اور وہ افراد جو اس مثال پر پورا نہیں اترتے انہیں تنقید کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق اس موضوع پر یہ بھارت میں بننے والی پہلی فلم ہوگی۔

سنجے لیلا بھنسالی اس فلم میں نئے کرداروں کو لانچ کریں گے، جبکہ فلم سے قریبی ذرائع نے بتایا کہ ایسے اداکاروں کو کاسٹ کیا جائے گا جو خود کو فلم سے بہتر انداز میں جوڑ سکیں۔ سنجے لیلا اس فلم کی پروڈکشن کریں گے جبکہ ہدایت کار کے نام کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی اس وقت (انشااللہ) نامی فلم پر کام کر رہے ہیں جس میں سلمان خان اور عالیہ بھٹ مرکزی کردار نبھائیں گے۔

یاد رہے کہ سنجے لیلا بھنسالی کی اس سے قبل سامنے آئی تین فلمیں باکس آفس پر کامیاب ثابت ہوئی تھیں۔
ان میں

(رام لیلا)

(باجی راؤ مستانی)

اور (پدماوت) شامل ہیں۔

Facebook Comments