عدنان صدیقی نے ایسا کیا کر دیا کہ مداحوں نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا؟

Adnan Siddiqui
05مارچ2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (کراچی) پاکستان ڈرامہ انڈسٹری کے مشہور اداکار عدنان صدیقی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے بولی ووڈ کی آنجہانی اداکارہ سری دیوی کی تصویر شیئر کی ،جس پر صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی اداکار عدنان صدیقی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ کا استعمال کرتے ہوئے اپنی ساتھی اداکارہ کی تصویر شیئر کی،جس پر انکے مداح انکے خلاف سراپأ احتجاج ہو گئے،عدنان صدیقی نے جوں ہی اپنے اکاؤنٹ سے بھارتی اداکارہ سری دیوی کی تصویر شیئر کی،سوشل میڈیا پر صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لے لیا۔

سوشل میڈیا پر صارفین کا ردِ عمل دیکھ کر اداکار نے تصویر کو ہٹانے میں ہی عافیت جانی اور اس کے ساتھ ہی انہوں نے وضاحت بھی پیش کر دی۔

عدنان صدیقی کا کہنا تھا کہ انہوں نے اپنی ساتھی اداکارہ کی تصویر ایک یاد کے طور پر لگائی لیکن چونکہ آجکل پاک بھارت کشیدگی عروج پر ہے اسے لئے مجھے ایسا نہیں کرنا چاہیئے تھا۔

انہوں نے وضاحت پیش کرتے ہوئے مزید کہا کہ ان کے لئے پاکستان سب سے پہلے ہے، انہیں کبھی اپنے ملک اور کسی دوسری چیز میں انتخاب کرنا پڑ جائے تو انکی پہلی ترجیح پاکستان ہو گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ تصویر شیئر کرنے کاوقت غلط تھا کیونکہ اس وقت پاک بھارت کشیدگی کی فضا قائم ہے،اس لئے میں نے اپنے ملک کے وقار کیلئے مذکورہ تصویر کو اپنے اکاؤنٹ سے ہٹا دیا۔

یاد رہے کہ عدنان صدیقی نے بولی ووڈ آنجہانی اداکارہ سری دیوی کے ساتھ فلم ’’مام‘‘ میں کام کیا جس میں انکے ساتھ پاکستانی اداکارہ سجل علی بھی تھیں۔

Facebook Comments