نادیہ خان کا ماہرہ خان اور مہوش حیات کے بارے میں متنازع بیان

04اگست2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (لاہور) معروف اداکارہ اور ٹی وی میزبان نادیہ خان نے ماہرہ خان اور مہوش حیات کی اداکاری کے حوالے سے ایک ایسا بیان دیا ہے، جس کے بعد شوبز حلقوں میں نئی بحث چھڑنے کا امکان ہے۔ نادیہ خان کے مطابق وہ ان دونوں اداکاراؤں کو صفِ اول میں شمار نہیں کرتیں۔

یاد رہے کہ کچھ دن پہلے لیجنڈ اداکار فردوس جمال کا کہنا تھا کہ ان کے خیال میں ماہرہ خان کو نہ تو اچھی اداکاری آتی ہے اور نہ ہی وہ فلموں میں ہیروئن بننے کے قابل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماہرہ خان کی عمر زیادہ ہوگئی ہے، لہٰذا اب انہیں فلموں میں ہیروئن کے بجائے والدہ کے کردارادا کرنے چاہئیں۔

فردوس جمال کے بیان کے بعد ماہرہ خان نے بھی ان کا نام لئے بغیر کہا تھا کہ وہ شوبز انڈسٹری میں دادی اور نانی کا کردار ادا کرنے تک کام کرتی رہیں گی۔ ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ وہ نہ صرف ماں بلکہ دادی اور نانی کا کردار بھی ادا کریں گی۔

اب فردوس جمال کے بعد نادیہ خان نے بھی ماہرہ خان سمیت مہوش حیات کی اداکاری سے متعلق سوال اٹھا دیا ہے۔

تفصیلات کچھ یوں ہیں کہ نادیہ خان چند دن قبل نجی ٹی وی چینل ’بول‘ کے ایک پروگرام میں ساتھی اداکار اعجاز اسلم کے ساتھ شریک ہوئیں، جہاں انہوں نے اپنی اداکاری سمیت مختلف سوالات کے جوابات دیئے۔

مذکورہ پروگرام کے میزبان احسن خان کی جانب سے نادیہ خان سے کئی سوالات کئے گئے، جن میں سے کچھ سوالات کے انہوں نے ذو معنی جوابات دیئے۔

ایک سوال کے جواب میں نادیہ خان نے اعتراف کیا کہ ان کے ساتھ کوئی بھی فلرٹ کرنے کی کوشش نہیں کرتا اور نہ ہی آج تک انہیں ایسے کسی تجربے سے گزرنا پڑا ہے۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ سب ان سے ڈرتے ہیں، اس لئے کوئی ان کے ساتھ فلرٹ کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ انہوں نے اپنی کامیابیوں کا کریڈٹ والد اور اپنی سخت محنت سمیت اپنے مداحوں کو دیا۔

نادیہ خان نے ایک اور سوال کے جواب میں ماہرہ خان اور مہوش حیات کی اداکاری سے متعلق ذو معنی بات کر کے پروگرام کے میزبان اور ساتھی اداکار اعجاز اسلم کو بھی تذبذب کا شکار بنا ڈالا۔

میزبان احسن خان نے نادیہ خان سے پوچھا کہ وہ ماہرہ خان، مہوش حیات اور صبا قمر میں سے کس اداکارہ کو اداکاری کے کتنے نمبر دیں گی؟ نادیہ خان نے سوال سننے کے بعد پہلے تو وضاحت کی کہ اس فہرست میں ماہرہ خان اور مہوش حیات کو ہونا ہی نہیں چاہیئے تھا۔

اداکارہ نے صبا قمر کی اداکاری کی تعریف کرتے ہوئے انہیں پہلے نمبر پر رکھا جبکہ انہوں نے احسن خان کو تجویز دی کہ اس فہرست میں اقرا عزیز کا نام شامل کیا جاتا تو اچھا تھا۔

Saba Qamar
صبا قمر : فوٹو فائل

نادیہ خان نے کہا کہ وہ اداکاری کے حوالے سے اس فہرست میں صبا قمر کے بعد دوسرے نمبر اقرا عزیز کو رکھیں گی، کیونکہ وہ ان کی اداکاری کی بہت بڑی فین ہیں۔

Iqra Aziz
اقرا عزیز : فوٹو فائل

نادیہ خان نے مہوش حیات اور ماہرہ خان کو اداکاری پر نمبرز دیئے جانے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ انہیں اداکاری پر کوئی نمبرز نہیں دیں گی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے وضاحت کی کہ انہوں نے ماہرہ خان اور مہوش حیات کی اداکاری کے حوالے سے بہت ہی باریک بات کہی ہے۔ اگرچہ نادیہ خان نے ماہرہ خان اور مہوش حیات کو نہ تو بری اداکارائیں کہا اور نہ ہی انہیں اچھی اداکاراؤں کی فہرست میں شامل کیا، تاہم انہوں نے تجویز دی کہ اچھی اداکاراؤں کی فہرست میں ان کا نام شامل ہی نہیں کیا جانا چاہیئے تھا۔

نادیہ خان کے اس متنازع بیان پر تاحال کسی شوبز شخصیت یا خود ماہرہ خان اور مہوش حیات نے کوئی بیان نہیں دیا۔

واضح رہے کہ ماہرہ خان بولی ووڈ میں کنگ خان (شاہ رخ خان) کے ساتھ فلم رئیس میں جلوہ گر ہو چکی ہیں۔

Mahira Khan
ماہرہ خان فلم رئیس کے ایک سین میں ۔ فوٹو : اسکرین گریب

دوسری طرف مہوش حیات پاکستان فلم انڈسٹری کی کامیاب ترین اداکارہ کے طور پر سامنے آ چکی ہیں۔

Mehwish Hayat
مہوش حیات : فوٹو فائل

Facebook Comments