بولی ووڈ کے مشہور گلوکار ادت نارائن شدید مشکل میں پھنس گئے

01اگست2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (ممبئی) بولی ووڈ کے عہد ساز گلوکار ادت نارائن کو اہل خانہ سمیت قتل کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بولی ووڈ میں ہزاروں گیتوں کو امر کرنے والے مشہورگلوکار ادت نارائن نے ممبئی کے تھانے امبولی پولیس کو اطلاع دی ہے کہ انہیں فون پر قتل کی دھمکیاں موصول ہو رہی ہیں۔ انہوں نے اپنی شکایتی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ رواں سال اپریل کی 6 تاریخ کو پہلی دھمکی آمیز کال موصول ہوئی، جس میں کالر نے اہلِ خانہ اور میرے خلاف نازیبا زبان استعمال کرتے ہوئے قتل کی دھمکی دی۔

ادت نارائن نے بتایا کہ میں نے فون کال کو ٹریس کرنے کی کوشش کی مگر نمبر ہمیشہ بند ملا، اپریل کے بعد سے وقتاً فوقتاً مجھے موبائل اور گھر کے نمبر پر دھمکی آمیز کالز موصول ہوئیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ رواں ماہ میں وینیٹی وین میں میوزک رئیلیٹی شو کیلئے تیار ہو رہا تھا تو اسی دوران موبائل پر فون آیا، جس پر دوسری طرف سے بولنے والے شخص نے کہا کہ تمھیں تمھارے اہلِ خانہ سمیت قتل کر دوں گا۔ ادت نارائن کا کہنا تھا کہ کال کے بعد مجھے دھمکی آمیز پیغامات بھی موصول ہوئے، جس کے بعد میں نے شکایت درج کرانے کا فیصلہ کیا۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے معاملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور گلوکار کو یقین دہانی کرائی ہے کہ دھمکی آمیز کالز اور پیغامات بھیجنے والا شخص جلد قانون کے شکنجے میں ہوگا۔

Facebook Comments