عثمان مرزا کیس میں نیا ڈرامائی موڑ، متاثرہ لڑکی اور لڑکے کے وکیل نے سارا بھانڈا پھوڑ دیا

Usman Mirza
12جنوری2022
( فوٹو: فائل )

ویب ڈیسک: ( اسلام آباد ) فلیٹ میں ہراسانی کے کیس میں اپنا بیان بدلنے اور سارا ملبہ پولیس پر ڈالنے کے بعد متاثرہ لڑکے اور لڑکی نے اپنا وکیل بھی تبدیل کرلیا۔ وکیل کو اس بارے میں اس وقت پتا چلا جب متاثرین اپنا بیان بھی ریکارڈ کراچکے تھے۔

کیس میں متاثرہ لڑکے اور لڑکی کی نمائندگی کرنے والے وکیل حسن جاوید شورش نے نجی ٹی وی 24 نیوز کے پروگرام دستک میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عدالت میں لڑکے لڑکی نے جو کچھ کہااس سے متعلق ان کے علم میں کچھ نہیں تھا ۔

انہوں نے بتایا کہ کل تک لڑکا اور لڑکی رابطے میں تھے، عدالت میں بیان ریکارڈ کرانے سے متعلق میری لڑکے اور لڑکی سے دو دن پہلے ملاقات بھی ہوئی تھی ، کل آخری دفعہ فون پر ان کے ساتھ رابطہ ہوا ۔ آج صبح رابطہ کرنے کی کوشش کرتا رہا لیکن انہوں نے فون نہیں اٹھایا، اچانک دو بجے پتا چلا کہ لڑکے لڑکی نے وکیل تبدیل کر لیا ہے۔

خیال رہے کہ فلیٹ میں ہراسانی کے کیس میں لڑکی نے مرکزی ملزم عثمان مرزا کو پہچاننے سے انکار کردیا اور عدالت میں بیان میں کہا کہ پولیس نے سارا معاملہ خود بنایا ہے، میں نے بیان حلفی کسی کے دباؤ میں آ کر نہیں دیا، کسی بھی ملزم کو نہ شناخت کیا اور نہ ہی کسی پیپر پر دستخط کیے۔ میں نے کسی کو بھی تاوان کی رقم ادا نہیں کی، ملزم ریحان سمیت دیگر ملزمان کو مجھے تھانے میں دکھایا گیا تھا ،ریحان سمیت کسی بھی ملزم نے میرے ساتھ زیادتی کی کوشش نہیں کی۔

Facebook Comments