دنیا اب مشرقِ وسطیٰ میں نئی جنگ کیلئے تیار رہے! شاہ محمود قریشی کا اسمبلی میں پالیسی بیان

Shah Mehmood Qureshi talks about middle east war
07جنوری2020
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (اسلام آباد) وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے حالات بہت نازک اور تشویشناک ہیں، دنیا اب ایک نئی جنگ کیلئے تیار رہے۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی میں پالیسی بیان دیتے ہوئے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمارا خطہ امن و خوشحالی سے محروم رہا، اب حالات نے نئی کشیدگی کو جنم دیا ہے، 31 دسمبر کو بغداد میں امریکی سفارتخانے کے سامنے احتجاج کیا گیا، امریکا اس واقعے کا ذمہ دار ایران کو ٹھہراتا ہے، امریکا کی نظر میں جنرل قاسم سلیمانی اس احتجاج کا ماسٹر مائنڈ ہے۔

وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ماہرین اسامہ بن لادن اور ابوبکر بغدادی کی ہلاکت سے زیادہ اس واقعے کو سنگین قرار دے رہے ہیں، ایران نے ہنگامی سیکیورٹی کونسل کا اجلاس بلایا ہے جبکہ عراق میں بھی اس واقعے کے خلاف عوامی ردعمل سامنے آ چکا ہے، عراق میں قاسم سلیمانی کے جنازے سے ردِعمل کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے جبکہ عراقی پارلیمنٹ نے تمام غیرملکی فوجیوں کے ملک چھوڑنے کی قرارداد پاس کی ہے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ قدس فوج کے نئے سربراہ اسماعیل قاآنی نے امریکہ کیخلاف جنگی نقارے پر پہلی چوٹ لگا دی

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان نے 3 تاریخ کو اپنا نقطہ نظر پیش کیا، ایرانی وزیرِ خارجہ سے تفصیلی گفتگو ہوئی اور متحدہ عرب امارات سمیت ترکی اور سعودی عرب کے وزرائےخارجہ سے بھی تفصیلی بات چیت ہوئ جبکہ یورپی اور دیگر ممالک سے بھی رابطے کریں گے۔ انہوں نے پالیسی بیان میں کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کی صورت حال بہت نازک اور تشویشناک ہے جو کبھی بھی کروٹ لے سکتی ہے، ایرانی سپریم لیڈر برملا انتقام کا اظہار کر چکے ہیں، آیت اللہ خامنہ ای اپنی قوم سے بدلہ لینے کا وعدہ کر چکے ہیں۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ امتِ مسلمہ کو امریکہ کیخلاف ایران کا ساتھ دینا چاہیئے! اوریا مقبول جان

وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران میں غم و غصے کی کیفیت فطری ہے جبکہ مقتدی الصدر نے اپنی فورسز کو بھی ہائی الرٹ کر دیا ہے، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ کہتے ہیں کہ مشرقِ وسطیٰ کو ایک نئی جنگ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے، دنیا اس نئی جنگ کیلئے تیار ہو جائے۔

Facebook Comments