وزیر اعظم نے کراچی کی صفائی کیلئے فوج کو طلب کر لیا

Karachi After Rain
30جولائی2020
(فوٹو : فائل)

ویب ڈیسک: (اسلام آباد) وزیر اعظم عمران خان نے کراچی کی صفائی کیلئے فوج کو طلب کرتے ہوئے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضال کو کراچی پہنچنے کی ہدایت کر دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں‌ بتایا کہ میں‌ نے چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضال کو فوری کراچی پہنچنے کی ہدایت کر دی ہے۔

وزیر اعظم نے لکھا کہ چیئرمین این ڈی ایم اے فوری کراچی پہنچیں‌ گے، محمد افضال کو بارش کے بعد کراچی کی فوری صفائی کی ہدایت کی ہے۔

خیال رہے کہ کراچی میں‌ بارش کے بعد سے اب تک مختلف سڑکوں‌ پر پانی جمع ہے اور شہریوں‌ کو مشکلات کا سامنا ہے، گٹر ابل رہے ہیں‌ اور نالوں‌ کا پانی گھروں‌ میں‌ داخل ہو گیا جس کے سبب شہریوں‌ نے رات چھتوں‌ پر گزاری تھی۔

دوسری جانب وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے پروگرام الیونتھ آور میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سمجھ نہیں آ رہی وزیر اعظم نے پاک فوج کو مدد کیلئے کہا ہے، نالوں کی صفائی ڈی ایم سی اور کے ایم سی کی ہوتی ہے۔ سعید غنی کا کہنا تھا کہ لوکل گورنمنٹ کو نالوں کی صفائی کیلئے فنڈز فراہم کیے ہیں، وفاقی حکومت کو جب کام کرانے کی ضرورت تھی اس وقت فنڈز فراہم نہیں کیے، وزیر اعظم معلوم نہیں چیئرمین این ڈی ایم اے کو کیوں بھیج رہے ہیں۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز سندھ ہائی کورٹ میں کراچی کی صورت حال سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی، عدالت نے ڈائریکٹر کے ایم سی اور میئر کراچی کے دفتر سے ذمہ دار افسر کو فوری طور پر طلب کر لیا۔

جسٹس خادم حسین شیخ نے کہا تھا کہ کچرے کی وجہ سے برسات میں کراچی کا ڈوبنا بڑا المیہ ہے کسی کو احساس ہی نہیں، ہر طرف غیر قانونی تعمیرات اور کچرا نہ اٹھانے کی وجہ سے کراچی ڈوبا، ہر ادارہ دوسرے پر ذمہ داری ڈالتا ہے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ کراچی میں بارش: کرنٹ لگنے سے 6 افراد جاں بحق ہو گئے

ان کا کہنا تھا کہ لوگ گھروں سے اپنے بچوں کو نہیں نکال پا رہے تھے، برسات میں لوگوں کے گھر اور سامان سب تباہ ہو گیا۔ عدالت نے صوبائی حکومت سے استفسارکیا کہ آلائشوں کو عید قرباں پر ٹھکانے لگانے کیلئے کیا بندو بست کیا گیا ہے؟

Facebook Comments