حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا

New Petroleum Prices in Pakistan
31جولائی2020
(فوٹو : فائل)

ویب ڈیسک: (اسلام آباد) حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق حکومت نے ماہ اگست کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کر دیا، قیمتوں میں اضافے کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہو گا۔ ذرائع کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 86 پیسے فی لیٹرکا اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 103روپے97 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

اعلامیہ کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے۔ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 106 روپے 46 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔ اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 5 روپے 97 پیسے فی لیٹر اضافہ کر دیا گیا جس کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 65 روپے 29 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

اعلامیہ کے مطابق لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 62 پیسے فی لیٹر کا اضافہ کیا گیا ہے، لائٹ ڈیزل کی نئی قیمت 62 روپے 86 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔

واضح رہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہو گا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کارکا جائزہ لیا گیا تھا۔

اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 15 روز بعد تبدیل کرنے کی تجویز منظور کر لی گئی اور اب کابینہ کی منظوری پر 15 روزہ بنیادوں پر قیمتوں کا تعین یکم اگست سے ہو گا۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پاکستان میں ایشیا میں سب سے کم ہیں، عمر ایوب

نئے طریقہ کار کے تحت قیمتوں سے متعلق 3 ماہ پیشگی تیاری ممکن ہو سکے گی۔ اجلاس میں آئندہ ماہ کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر بھی غور کیا گیا۔

Facebook Comments