وفاقی حکومت کی جانب سے عید قربان پر زائد چھٹیوں کی قربانی کر دی گئی

Eid ul Adha
23جولائی2020
(فوٹو : فائل)

ویب ڈیسک: (اسلام آباد) وفاقی حکومت نے بڑی عید پر جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو چھٹی دینے کا فیصلہ کیا ہے، فیصلہ لاک ڈاؤن سے کاروبار کی بندش اور معاشی مسائل کے پیش نظر کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے بڑی عید پر جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو چھٹی دینے کا فیصلہ کر لیا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے یہ فیصلہ دیہاڑی دار، مزدور طبقے کی سہولت اور لاک ڈاؤن سے کاروبار کی بندش سمیت معاشی مسائل کے پیش نظر کیا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی کورونا صورتحال میں وفاقی حکومت نے عیدالاضحٰی کی چھٹیوں سے متعلق صرف ایک دن کی سرکاری چھٹی دینے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ غیر ضروری سفر سے روکنے کیلئے اضافی تعطیلات نہیں دی جائیں گی۔

یہ بھی یاد رہے کہ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے عید الاضحٰی 31 جولائی کو منانے کا دعویٰ کیا تھا، تاہم چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا تھا کہ عید الاضحٰی بروز ہفتہ یکم اگست کو منائی جائے گی۔

وزیر اعظم عمران خان نے قوم سےعید قرباں سادگی سے منانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر لاپرواہی برتی گئی تو وائرس کے زیادہ پھیلنے کا خطرہ بڑھ جائے گا، احتیاط سے ہی صورتحال پر قابو پا سکتے ہیں۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ سعودی عرب میں عید الاضحٰی کی تعطیلات کا اعلان کر دیا گیا

عمران خان کا کہنا تھا کہ اللہ نے بہت کرم کیا ہے، دنیا کے مقابلے میں مشکل وقت سے نکل آئیں گے، اسمارٹ لاک ڈاؤن کے مثبت نتائج سامنے آئے، احتیاط سے ہی صورتحال پر قابو پا سکتے ہیں۔

Facebook Comments