سید علی گیلانی سپرد خاک! لاکھوں چاہنے والے نماز جنازہ میں شرکت سے محروم

Syed Ali Gilani
02ستمبر2021
(فوٹو : فائل)

ویب ڈیسک: (سری نگر) مقبوضہ کشمیر میں آزادی کے سب سے بڑے علمبردار سید علی گیلانی کو سپرد خاک کر دیا گیا ہے۔ قابض بھارتی فوج نے انکے چاہنے والوں کو نماز جنازہ میں شرکت سے روک دیا۔ وادی بھر میں غیر اعلانیہ کرفیو لگا کر قابض بھارتی فوج نے انٹرنیٹ کی سروس بھی بند کر دی۔ عظیم رہنما کی تدفین کے دوران کشمیر کی آزادی جبکہ بھارت کیخلاف شدید نعرے بازی ہوئی۔

تفصیلات کچھ اس طرح ہیں کہ بھارتی میڈیا کے مطابق سید علی شاہ گیلانی کو نماز فجر سے قبل سری نگر کی حیدر پورہ جامع مسجد کے احاطے میں سپرد خاک کر دیا گیا ہے، انہیں ان کے 2 بیٹوں ڈاکٹر سید نعیم گیلانی اور سید نسیم گیلانی نے لحد میں اتارا۔

حریت رہنماؤں اور عوام کو نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت سے روکنے کیلئے جامع مسجد اور سید علی گیلانی کی رہائش گاہ کے قریب بھارتی قابض فوج اور کٹھ پتلی پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی۔ جس کی وجہ سے ان کے اہل خانہ اور محلے دار ہی نماز جنازہ اور تدفین میں شرکت کر سکے۔ اس دوران کشمیر کی آزادی جبکہ بھارت کے خلاف نعروں کی صدائیں بلند ہوتی رہیں۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ حریت رہنما سید علی گیلانی انتقال کر گئے

سید علی گیلانی کی وفات کی خبر سامنے آنے کے بعد گذشتہ رات ہی قابض بھارتی انتظامیہ نے سری نگر سمیت وادی بھر میں غیر اعلانیہ کرفیو نافذ کر دیا تھا۔ موبائل فون اور براڈ بینڈ انٹرنیٹ کی سہولت بند کر دی گئی ہے۔ عظیم حریت رہنما کے گھر کے اطراف سڑکوں کو سیل کر دیا گیا ہے۔ کسی کو وہاں جانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

دوسری جانب سید علی شاہ گیلانی کے آبائی ضلع سوپور میں بھی سخت پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ بھارتی فوج اور دیگر نیم فوجی دستوں کو سڑکوں اور چوراہوں پر تعینات کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ سید علی گیلانی گذشتہ روز انتقال کرگئے تھے، ان کے انتقال پر وزیر اعظم اور آرمی چیف سمیت ملک کی تمام اہم شخصیات نے اظہار تعزیت کیا ہے۔ ان کے انتقال پر ملک بھر میں سرکاری سطح پر ایک روزہ سوگ منایا جا رہا ہے اور قومی پرچم کو سرنگوں رکھا گیا ہے۔

Facebook Comments