کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز کا سرچ آپریشن! متعدد ملزمان گرفتار

04ستمبر2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (کراچی) رینجرز نے کراچی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 10 ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے، جبکہ آپریشن ابھی جاری ہے۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق رینجرز کی ٹیم نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 10ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ رینجرز ترجمان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ مذکورہ کارروائی سعود آباد، فیروز آباد، ماڈل کالونی، عوامی کالونی میں کی گئی ہے، جبکہ گرفتار ملزمان بھتہ خوری، ڈکیتی، اسٹریٹ کرائم اور منشیات فروشی جیسے جرائم میں ملوث ہیں، ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ملزمان سے اسلحہ، ایمونیشن، مسروقہ سامان اور منشیات بھی برآمد ہوئی ہے، ملزمان کو قانونی کارروائی کیلئے متعلقہ تھانے کی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ ایک اور پاکستانی کی تشدد زدہ لاش رینجرز کے حوالے کر دی گئی

دوسری جانب رینجرز اہلکاروں نے صدر کے علاقے تاج کمپلیکس اور اس سے ملحقہ بس اسٹینڈ کےاطراف سرچ آپریشن کیا۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ رینجرز کی اہم کاروائی! قتل اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث تین ملزمان گرفتار

ذرائع کا کہنا ہے کہ 12 سے زائد گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں پر سوار اہلکاروں نے آپریشن میں حصہ لیا، آپریشن کے دوران مخصوص مقامات کے داخلی اور خارجی راستے بند کر دیئے گئے تھے۔ خفیہ اطلاعات پر مختلف مقامات پر چھاپے مارے گئے اور مشکوک افراد کی تلاشی لی گئی، حراست میں لئے گئے مشکوک افراد کی بائیومیٹرک مشین کے ذریعے کوائف کی چیکنگ کی گئی۔ ذرائع کے مطابق مشتبہ گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کا موقع پر ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ مذکورہ آپریشن محرم الحرام پر امن و امان کے قیام حوالے سے کیا جا رہا ہے۔

Facebook Comments