بھارت نے اگر جنگ مسلط کی تو! وزیرِ اعظم عمران خان کا بھارت کو واضح پیغام

08اگست2019
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (اسلام آباد) وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم جنگ نہیں چاہتے تاہم بھارت نے اگر جنگ مسلط کی تو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے سینیئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ رائے عامہ کی جنگ ہے، ہم نے یہ جنگ جیتنی ہے، بھارت کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے کچھ بھی کر سکتا ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ نہتے کشمیریوں پر بڑھتے بھارتی مظالم سے اقوامِ عالم کو آگاہ کریں گے، بھارت مقبوضہ وادی میں نہتے کشمیریوں پر مظالم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دنیا کو بتائیں گے کہ مودی سرکار کشمیریوں کی نسل کشی کر رہی ہے، بھارت مقبوضہ کشمیر کا جغرافیہ بدلنا چاہتا ہے، مودی سرکار ہٹلر جیسی سوچ رکھتی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کشمیریوں کی سفارتی، سیاسی اوراخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، ہم جنگ نہیں چاہتے، بھارت نے جنگ مسلط کی تو منہ توڑ جواب دیں گے، یہ رائےعامہ کی جنگ ہے، ہم نے یہ جنگ جیتنی ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے خدشہ ظاہر کیا کہ بھارت کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے کچھ بھی کر سکتا ہے، انہوں نے کہا کہ میں نے نریندر مودی سے ہمیشہ امن کی بات کی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں انہوں نے کہا کہ پوری دنیا منتظر ہے کرفیو ہٹے تو دیکھیں کہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں سے کیا ہو رہا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ کیا بی جے پی حکومت کا خیال ہے کہ فوجی قوت سے وہ تحریکِ آزادی روک سکتی ہے؟ مقبوضہ کشمیر میں فوجی قوت کے استعمال سے تحریک آزادی مزید زور پکڑے گی۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ یہ بات صاف ہے کہ عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی نسل کشی کا منظر دیکھے گی۔ سوال یہ ہے کہ کیا ہم اس بار بی جے پی سرکار کے لبادے میں فسطائیت کا ایک اور مظاہرہ دیکھیں گے یا پھر عالمی برادری میں ایسا ہونے سے روکنے کی اخلاقی جرات ہو گی؟

Facebook Comments