پی ڈی ایم مراد سعید کے نشانے پر

Murad Saeed
03جنوری2021
(فوٹو : فائل)

ویب ڈیسک: (اسلام آباد) وفاقی وزیر برائے مواصلات مراد سعید کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم میں موروثی سیاست پروان چڑھ رہی ہے، قوم نے لٹیروں کو مسترد کر دیا ہے، انہیں این آر او نہیں دیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر مراد سعید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے سرکس کو دکھایا جائے تو عوام کو تفریح میسر آئے گی، جی بی الیکشن، لاہور، پشاور، ملتان جلسے میں عوام نے انہیں مسترد کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فٹیف قانون سازی پر اپوزیشن نے بلیک میلنگ کی کوشش کی، جب یہ حکومت میں تھے تو زرداری کے گھر عوام کے پیسے سے چل رہے تھے، آصف زرداری نے عوام کے 316 کروڑ روپے کیمپ آفس کے نام پر اڑا دئیے۔

مراد سعید نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان معاشرے کے کمزور طبقے کی فلاح کیلئے کوشاں ہیں، ان کا ملک میں کہیں بھی کوئی کیمپ آفس نہیں، عمران خان نے معاشرے کے پِسے ہوئے طبقے کیلئے پناہ گاہیں بنائیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نواز دور میں رائیونڈ کی سیکیورٹی پر 2700 اہلکار تعینات کیے گئے، جن لوگوں نے بھوک و افلاس نہیں دیکھی ہو گی ان کو کیسے عوام کا احساس ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بعد آزاد کشمیر، گلگت بلتستان میں بھی صحت کارڈ کا اجرا ہو چکا ہے، وزیر اعظم عمران خان کا غریب کیلئے احساس ہی حکومت کا بڑا پروگرام بھی بن گیا، ملک میں ایکسپورٹ اور ترسیلات بڑھ رہی ہیں، اسٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی ہے۔

Facebook Comments