تحریک انصاف کے سینئر ترین رہنما نعیم الحق انتقال کر گئے

Naeem-ul-Haq the senior leader of the PTI has passed away
15فروری2020
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (اسلام آباد) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی رہنما اور وزیر اعظم عمران خان نے معاون خصوصی نعیم الحق طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے۔

نعیم الحق کافی عرصے سے علیل تھے اور کراچی کے نجی ہسپتال میں زیر علاج تھے، انہیں کینسر کا مرض لاحق تھا۔ پی ٹی آئی رہنما اور وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے نعیم الحق کے انتقال کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ‘نعیم الحق نے شیر کی طرح بہادری سے کینسر کا مقابلہ کیا۔’

انہوں نے کہا کہ ‘نعیم الحق اچھے دوست اور ساتھی تھے جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا کہ ‘نعیم الحق نے تحریک انصاف کی کامیابی کے لیے انتھک محنت کی اور پارٹی کے منشور اور وژن کے لیے کام کیا۔

انہوں نے کہا کہ نعیم الحق نے شوکت خانم ہسپتال کے لیے بھی بہت کام کیا۔ واضح رہے کہ نعیم الحق تحریک انصاف کے بانی ارکان میں شامل تھے، وہ پارٹی کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات کی ذمہ داریاں بھی انجام دے چکے تھے۔
نعیم الحق، وزیر اعظم عمران خان کے قریبی ساتھیوں میں شمار کیے جاتے تھے۔ وزیر اعظم عمران خان نے رواں ماہ کے اوائل میں کراچی کے دورے کے دوران نعیم الحق کی عیادت بھی کی تھی۔

Facebook Comments