خالد مقبول صدیقی نے کابینہ چھوڑنے کا اعلان کر دیا

Khalid Maqbool Siddiqui
12جنوری2020
(فوٹو فائل)

ویب ڈیسک: (کراچی) ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے وفاقی وزارت چھوڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ 2018ء میں عام انتخابات میں جو نتائج آئے وہ ایم کیوایم مکمل طور پر تسلیم نہیں کرتی تھی، نتائج تسلیم نہ کرنے کے باوجود جمہوری عمل کو مستحکم کرنے کیلئے حمایت کی، ہم نے وعدہ کیا تھا کہ حکومت بنانے سمیت ہر مشکل میں ساتھ دیں گے۔ جہانگیر ترین آئے تھے اور ان ہی کی موجودگی میں معاہدوں پر دستخط ہوئے۔

یہ بھی ملاحظہ کیجئے۔ خالد مقبول صدیقی کا پرویز مشرف کے دفاع میں جلسہ عام سے خطاب

خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ ہم نے حکومت سے کیا گیا اپنا وعدہ پورا کیا، ہم بہت انتظار کرتے رہے کہ حکومت کی کچھ مصروفیات ہو سکتی ہے، لیکن ہمارے ایک نکتے پر بھی پیش رفت نہیں ہوئی، ہمارا حکومت سے تعاون برقرار رہے گا لیکن میرا وزارت میں بیٹھنا بہت سارے سوالات کو جنم دیتا ہے۔ میرا اب کابینہ میں بیٹھنا بے سود ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے یہ بھی کہا کہ ہم نے وزارت قانون وانصاف نہیں مانگی تھی، فروغ نسیم کابینہ نہیں چھوڑ رہے، پہلے تجربے کی کمی سمجھتے رہے لیکن اب لگتا ہے سنجیدگی ہی نہیں، ان ساری چیزوں کا پیپلز پارٹی کی پیشکش سے لینا دینا نہیں، ہم حکومت سے تعاون جاری رکھیں گے۔

Facebook Comments